سرینگر، بھارتی پولیس نے یاسین ملک کو گرفتار کرلیا

جمعہ 10 فروری 2017 18:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو آج سونہ وار سرینگر میں اقوام متحدہ کے دفتر کی طرف مار چ کی کوشش کرنے پرگرفتار کرلیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مارچ کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل متحدہ حریت قیادت نے آزادی پسند شہید رہنمائوںمحمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی نئی دلی کی تہاڑ جیل میں دفن باقیات کی واپسی پر زور دینے کیلئے دی تھی ۔

(جاری ہے)

دونوں رہنمائوں کو نئی دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دیکر انکی میتوں کو جیل میں ہی دفن کردیاگیاتھا ۔پولیس نے محمد یاسین ملک کو سرینگر کے علاقے سرائے بالا میں دستگیر صاحب مسجد کے باہر سے اس وقت حراست میں لیا جب انہوںنے مارچ کی کوشش کی ۔ ادھر بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیف آرگنائزر امتیازاحمد شاہ کو اس وقت سرینگر سے گرفتار کرلیا جب وہ راج باغ میں پارٹی دفتر کی طرف جارہے تھے ۔پیپلز فریڈم لیگ نے ایک بیان میں پولیس کی اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔