ہندوستان کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان میں تخریب کاری کررہا ہے ، پوری قوم اور سیاسی جماعتیں یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنائیں، گلگت بلتستان سی پیک کا گیٹ وے ہے، عبدالرشید ترابی

ہفتہ 18 فروری 2017 15:10

اسلام آباد ۔ 18فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر وگلگت بلتستان کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ہندوستان کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان میں تخریب کاری کررہا ہے اور کشمیر پر اپنی مرضی کا حل مسلط کرنا چاہتا ہے اس مرحلے پرپوری قوم اور سیاسی جماعتیں یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنائیں، گلگت بلتستان سی پیک کا گیٹ وے ہے یہاں دیگر صوبوں کی طرح منصوبوں کا اعلان کیا جائے اور استور شونٹر روڈ کو بھی سی پیک میں شامل کیا جائے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل نظام الدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نظام الدین نے گلگت بلتستان کی سیاسی صورت حال سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ افغانستان میں قائم بھارتی قونصل خانے دہشت گردی کے اڈے ہیں جو پاکستان میں تخریب کاری کررہے ہیں ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں ہندوستان کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان میں تخریب کاری کررہا ہے اور کشمیر پر اپنی مرضی کا حل مسلط کرنا چاہتا ہے اس مرحلے پرپوری قوم اور سیاسی جماعتیں یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنائیں ۔

انہوں نے دیامر باشا ڈیم اور بونجی ڈیم پر فوراً کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ گلگت بلتستان میں پانی کے وافر ذخائر موجود ہیں اسلئے حکومت یہاں ہائیڈرل پراجیکٹس شروع کرے ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے طلبہ کیلئے آزاد کشمیر کی یونیورسٹیوں میں کوٹہ میں اضافہ کرنے کے لیے اسمبلی فورم پر بات کریں گے ۔