مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردوں میں ہی مضمرہے ‘بار ایسوسی ایشن

حریت کانفرنس کی طرف سے انتخابی ڈھونگ کے بائیکاٹ کی اپیل کی حمایت

جمعرات 6 اپریل 2017 12:41

مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردوں میں ہی مضمرہے ‘بار ایسوسی ..
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کشمیر ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قرارداروں میں مضمر ہے اورنام نہاد انتخابی ڈھونگ سے اس دیرینہ تنازعے کی حیثیت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بار جنرل سیکریٹری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے جاری انتخابات کی بائیکاٹ کی کال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ بھارت انتخابات میں کشمیری عوام کی شرکت کو عالمی برادری کو گمراہ کرنے کیلئے استعمال کرتا ہے کہ کشمیریوںنے جموںوکشمیر پر اسکے تسلط کو تسلیم کرلیا ہے ۔

انہوںنے کشمیری عوام پر زوردیا کہ وہ نواور بارہ اپریل کو سرینگر اور اسلام آباد کے حلقوں میں منعقد ہونیوالے انتخابی ڈھونگ کا بائیکاٹ کریںاور اس دن مکمل ہڑتال کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جسے حل کرنے کیلئے اقوام متحدہ مکلف ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابی عمل سے یہ مسئلہ نہ پہلے حل ہوا ہے اور نہ ہی آئندہ اس کے حل کی توقع ہے۔

ادھر حریت رہنماء بلال صدیقی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں آئندہ انتخا بی ڈھونگ کے بائیکاٹ کی اپیل دوہراتے ہوئے کہاکہ ڈھونگ انتخابات میں ووٹ ڈالنا کشمیری شہداء کی قربانیوں سے غداری کے مترادف ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھار ت نواز سیاست دان کس طرح کشمیریوںکی نمائندگی کر سکتے ہیں جبکہ ان کے ہاتھ نہتے عوام کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔