مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال، متعدد زخمی

جمعرات 18 مئی 2017 18:00

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیر کے علاقوں کولگام، اسلام آباد اور شوپیاں میں جمعرات کو بھی لوگوںنے بھارت مخالف مظاہرے جاری رکھے جبکہ بھارتی فورسز نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جسکے نتیجے میںبیسیوں افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد طلباء کی تھی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق گورنمنٹ ڈگری کالج کے طلباء نے اپنے ساتھی طلباء کی گرفتاری کے خلاف کالج کے احاطے میں زبردست مظاہرے کیے۔

انہوں نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ بھارتی فوجیوں او ر پولیس اہلکاروں نے احتجاجی طلباء کو منتشر کرنے کے لیے پیلٹ برسائے اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جسے کے نتیجے میں کچھ طلباء اور صحافی زخمی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

ویڈیو جرنلسٹ تنویر احمد وانی اور طالب علم عامر فیاض کی آنکھوں میں پیلٹ لگے اورانہیں سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کیا گیا۔

بھارتی پولیس نے اسلام آباد قصبے میں مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور پاوا گولوں کی شیلنگ کی جسکے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیاں جھڑپیں شروع ہوئیں۔ مظاہرے ڈانگر پورہ کے علاقے میں ایک دکاندار کی گرفتاری کے بعد شروع ہوئے ۔ بعد میں طلباء بھی مظاہروں میں شامل ہوگئے ۔ بھارتی فورسز کی طرف سے شہری آبادی پر مظالم کے خلاف شوپیاں میں بھی مظاہرے کیے گئے۔