آزادکشمیر (ن) لیگ کی حکومت آزادی کے بیس کیمپ میں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کیخلاف اور کشمیری مائوں بہنوں سے ہمدردی کی بجائے میاں نوازشریف کی چاپلوسی کر کے تحریک آزادی پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے ‘جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکمرانوں کو کشمیر سے دلچسپی نہیں ہے

پی پی پی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر ایڈووکیٹ کی بات چیت

منگل 6 جون 2017 17:37

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2017ء) پی پی پی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آزادکشمیر (ن) لیگ کی حکومت آزادی کے بیس کیمپ میں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کیخلاف اور کشمیری مائوں بہنوں سے ہمدردی کی بجائے میاں نوازشریف کی چاپلوسی کر کے تحریک آذادی پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے ‘جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکمرانوں کو کشمیر سے دلچسپی نہیں ہے ‘این ٹی ایس کے نام پر لوگوں سے بہت بڑا فراڈ کیاجارہا ہے جس کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کو شائد یقین نہیں کہ وہ وزیراعظم ہیں جن کے پاس کرپشن کے ثبوت ہوتے ہیں وہ نعرے لگانے کے بجائے ایکشن لیتے ہیں سیاسی بلیک میلنگ قبول نہیں کرینگے پی پی پی عوامی حقوق کیلئے کسی قربانی سے دریغ کیے بغیر عوام کے حقوق کا دفاع کرینگے جلد دوبارہ پی پی پی عوامی راج قائم کرئیگی پاکستان کے انتخابات میں ہماری تنظیم بھرپور کلیدی کردار کرتے ہوئے شریک چیئرمین آصف علی زرداری چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں پارٹی کو شاندار کامیابی دلوائیں گے ۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر کی موجودہ حکومت ہوش کرئے ایڈھاک ملازمین سے روزگار نہ چھینے اداروں کا قتل بند کرئے برطرف ملازمین کو نوکریوں پر بحال کیاجائے میرپور کے وزیر کا ایک سیکرٹری سے شیلڈ لینا مناسب نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پارٹی کی نئی تنظیمی باڈی مکمل اتحاد و اتفاق سے آگے بڑھے گی پارٹی کارکنوں کو انکا مقام دیاجائیگا سب کو مل کر جماعت کی مضبوطی کیلئے کلیدی کردار ادا کرناہوگا پی پی آج بھی آزادکشمیر کی بڑی سیاسی جماعت ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے گزشتہ روز کشمیر پریس کلب میرپور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شاہین ڈار نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر سابق وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی ، مرکزی رابطہ سیکرٹری عامر ذیشان جرال ، سابق ڈی جی ادارہ ترقیات جاوید اقبال مرزا ، سابق امیدوار اسمبلی میرپورپروفیسر افضل مرزا ، سابق امیدوار اسمبلی سماہنی وحیداکرم ، چیئرمین پی ایس ایف سردار عبدالشکور صدیقی ، سابق میئر چوہدری عبدالرزاق ، الحاج غلام رسول عوامی ، فرید انور ایڈووکیٹ، نبیلہ ایوب ایڈووکیٹ ، راجہ خلیل یوسف، افتخار احمد راجہ ذوالفقار ذلفی ، خاور شیخ ، صغیر جاگل ، ریاست تبسم ، ذکاء اللہ جوشی ، راجہ عبدالخالق ، انعام الحق ایڈووکیٹ ، کامران طارق ایڈووکیٹ، اشرف ایاز ایڈووکیٹ، چوہدری الطاف ایڈووکیٹ، چوہدری عاشق ایڈووکیٹ، جنید مالک ایڈووکیٹ، اسلم گجر کے علاوہ متعدد کارکن بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر پارٹی کے سینئر نائب صدرسابق وزیر چوہدری پرویز اشرف نے کہا کہ ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں ہماری مائوں ، بہنوں پر لاٹھی چارج تشدد آنسو گیس کا استعمال جبکہ دوسری جانب ن لیگ کی حکومت آزادکشمیر میںہماری ملازمین مائوں بہنوں پرلاٹھی چارج آنسو گیس استعمال کر کے مقبوضہ کشمیر میں کیا پیغام دیاجارہا ہے ۔ یہ خطہ بیس کیمپ ہے نواز شریف کے دفاع کیلئے یہ خطہ حاصل نہیں کیا گیا ۔

عوامی حقوق کا بھرپور ڈٹ کر تحفظ کرینگے اگر حکومتی جانبداری تبدیل نہ ہوئی تو پھر بھمبر احتجاج کا گڑھ ہوگا ۔ انتظامیہ کیلئے مشکلات ہونگی آزادکشمیر میں پی پی کی حکومت نے چوہدری عبدالمجید اور چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں بے شمار منصوبے دئیے اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شاہین کوثر ڈار نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت لوگوں کے حقوق پر شب خون ماررہی ہے ۔ پی پی پی عوامی حقوق کیلئے عوام کے ساتھ کھڑی ہے موجودہ نااہل حکمران لوگوں سے روزگار چھین رہے ہیں ایک سال میں حکومت کوئی پراجیکٹ نہیں دے سکے ۔ چیئرمین بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوںنے تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے اپنا دوٹوک مئوقف اپناتے ہوئے کھل کر کشمیریوں کی مکمل حمایت کی ۔