غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ، شہداء کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ،ْعسبد الرشید ترابی

آزاد کشمیر کا بچہ بچہ پاکستان فوج کے شانہ بشانہ بھارتی عزائم کو ناکام بنائے گا ،ْ بیان

پیر 12 جون 2017 15:57

غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ، شہداء کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری ..
باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جو قومیں شہداء پیش کرتی ہیں وہ آزادی کی منزل ضرور حاصل کرتی ہیں ، بزدل بھارتی افواج سیز فائر لائن پر سول آبادی کو نشانہ رہی ہیں ، جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشار نوجوانوں سے ہندوستان لرز جاتا ہے ، ہمارے نوجوانوں نے جانوں کے نذرانے پیش کر کے کئی مواقع آزادی کے لیے مہیا کیے ، لیکن لیڈر شپ نے مذاکرات کی میز پر ہار دئیے ، اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ، شہداء کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیز فائر لائن پر باغ سرسیداں سے شہید ہونے والے وارث حسین گردیزی کے گھر جا کر لواحقین سے ملاقات اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ خادم حسین شہید سمیت دیگر ہمارے شہداء نے ڈوگرہ فوج کو سبق سکھاتے ہوئے جامع شہادت نوش کیا اور یہ خطہ آزاد ہوا ۔ ان شہداء کے وارثین کشمیر کی مکمل آزادی تک جہاد جاری رکھیں گے۔

مقبوضہ کشمیر کے اندر جس طرح پوری قوم اور خاص کر نوجوان قربانیاں پیش کر رہے ہیں وہ بھارت کے لیے کھلا پیغام ہے کہ وہ طاقت کی بنیاد پر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا۔ سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ اور مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم کی انتہا کی وجہ سے آزاد کشمیر کے اندر جذباتی ماحول پیدا ہو رہا ہے ۔اگر ہندوستان نے مظالم بند نہ کیے اور کشمیریوں کو ان کا حق نہ دیا تو ان مشتعل لوگوں کو روکنا مشکل ہو گا ، یہ اسلاف کے وہ وارث ہیں جنہوں نے 1947ء میں ڈوگروں کو مار بھگایا ، وہ ہندوستان کو بھی دن میں تارے دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں ہندوستان حالات کو جنگ کی طرف لے جار ہا ہے ایسے میں حکومت قوم اور فوج کو تیار کرنا چاہیے ۔آزاد کشمیر کا بچہ بچہ پاکستان فوج کے شانہ بشانہ بھارتی عزائم کو ناکام بنائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عالمی سطح پر بھارت کی جارحیت کو بے نقاب کرے اور قوم کو تیار کرے آزاد کشمیر کے اندر بھی لام بندی کی ضرورت ہے۔ ہم شہداء کے وارث ہیں اور ہندوستان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

متعلقہ عنوان :