وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہیں ‘(ن) کو 2018 کے الیکشن میں کامیابی سے کوئی نہیں روک سکتا

سابق ممبرآزادجموںوکشمیرقانون ساز اسمبلی وکشمیرکونسل راجہ مقصود احمدخان کی بات چیت

اتوار 9 جولائی 2017 21:01

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جولائی2017ء) سابق ممبرآزادجموںوکشمیرقانون ساز اسمبلی وکشمیرکونسل راجہ مقصود احمدخان نے کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہیں پاکستان مسلم لیگ ن کو 2018 کے الیکشن میں کامیابی سے کوئی نہیں روک سکتا ۔ پاکستان مسلم لیگ ن جمہوریت کے استحکام اور تعمیر و ترقی کے ویژن کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے ملک کی تیز رفتار ترقی دیکھ کر مخالفین کی بے چینی بڑھ رہی ہے آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ دو گنا ہونے سے خطہ میں تعمیر و ترقی کا نیا سفر شروع ہوا ہے ۔

برہان مظفر وانی شہید سمیت کشمیری نوجوانوں کی قربانیاں بھارتی مظالم کے خلاف ان کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ بھارت کنٹر ول لائن پر نہتے شہریوں کو شہید اور زخمی کرکے کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں کمی نہیں لا سکتا ۔

(جاری ہے)

بیرون ملک مقیم کشمیریوں نے برہان وانی کی برسی کے موقع پر احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کر کے مسئلہ کشمیر کو حل ہونے کے قریب پہنچا دیا ہے۔

اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی بھارتی بربریت کا نوٹس لے کر جنوبی ایشیا ء کو تباہی سے بچائیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے دور میں ملک میں بے تحاشا تعمیر وترقی ہوئی ہے میاں برادران کے تعمیر و ترقی کے ویژن کی بدولت گلی کوچوں میں میاں محمد نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ دو گنا ہونے سے خطہ میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہو گا آزادکشمیر کے عوام کے بجلی اور سٹرکوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو نگے انھوں نے کہا کہ شہید برہان مظفر وانی نے اپنی جان کا نذرانہ دیکر تحریک آزادی کو نئے موڑ میں داخل کر دیا ہے ۔

کشمیر ی نوجوان بھارتی قابض افواج کے انخلاء تک سکون سے نہیں بیٹھے گے ۔ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لے ۔ انھوں نے کہا کہ برہان مظفر وانی کی برسی کو کنٹرول لائن کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیر یوں نے عقیدت و احترام سے منا کر بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیریوں کو آزادی کے علاوہ کو ئی آپشن قابل قبول نہیں ۔