ْمقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کشمیریوں کو بھارت سے آزادی لینے سے نہیں روک سکتے‘ شہید برہان وانی اور دیگر کے لہو سے انقلاب آئے گا‘ مودی کی انتہا پسند پالیسیوں سے بھارت کو ٹکڑے ٹکڑے ہونے سے اب کوئی نہیں بچا سکتا

ممبر آزاد جموں وکشمیر وقانون ساز اسمبلی حافظ احمدرضا قادری کی بات چیت

منگل 11 جولائی 2017 17:30

ہٹیاںبالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جولائی2017ء) ممبر آزاد جموں وکشمیر وقانون ساز اسمبلی حافظ احمدرضا قادری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کشمیریوں کو بھارت سے آزادی لینے سے نہیں روک سکتے۔ شہید برہان وانی اور دیگر شہیدوں کے لہو سے انقلاب آئے گا۔ مودی کی انتہا پسند پالیسیوں سے بھارت کو ٹکڑے ٹکڑے ہونے سے اب کوئی نہیں بچا سکتا۔

بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ مسلمانو ں کے خلاف بڑی سازش ہے ماہ جولائی کشمیر ی تاریخ کا اہم مہینہ ہے جب 13جولائی 1931کو سرینگر میں شہداء کشمیر کا واقعہ پیش آیا اور 19جولائی کومسلمانان جموں وکشمیر نے پاکستان کے قیام سے قبل ہی قرار داد الحاق پاکستان منظور کر کے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ جوڑنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الحاق پاکستان کشمیر یوں کے سیاسی ایمان کا حصہ ہے اور اسی جذبے کے تحت آج بھی لاکھوں کشمیری مقبوضہ کشمیر کے اندر اپنی جانوں کی قربانیان پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 8جولائی 2016کو برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں تحریک مزاحمت کو نئی جہت ملی ہے اور اب کشمیر کا بچہ بچہ اور ہر جوان اس تحریک کا ہر اول دستہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارت کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لئے طاقت کا اندھا دھند استعمال کر رہا ہے۔ حریت قیادت پابند سلاسل ہے۔ میڈیا پر پابندی ہے اور کالے قوانین کے تحت حاصل اختیارات کے نتیجہ میں بھارتی فوج کشمیریوں کو سرعام قتل عام کر رہی ہے۔ بھارتی بربریت پر عالمی خاموشی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ کا نشانہ بننے والے غیور عوام سے بھی اظہار یکجہتی کیا اور آزاد کشمیرکے تحفظ کے لئے پاکستان فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔