مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دواور کشمیری نوجوان شہید،ہزاروں افراد کی شہید نوجوانوں کے جنازے میں شرکت

منگل 18 جولائی 2017 18:49

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں منگل کو ضلع بانڈی پورہ میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیاہے جس سے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران شہید ہونیوالے نوجوانوںکی تعداد بڑھ کر پانچ ہو گئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے گریز میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔

اس سے قبل گزشتہ شب ضلع اسلام آباد کے علاقے اچھہ بل میںتین نوجوانوں شوکت لوہار ، مظفر حجام اور ناصر احمد کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کردیاگیاتھا۔ یاد رہے کہ بھارتی فوجیوںنے مقبوضہ علاقے میںلوگوں کو شہید اور مکانوں کو تباہ کرنے کیلئے جنگی طیاروں کے ذریعی بمباری شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

ادھرخواتین اور بچوں سمیت ہزاروں لوگوںنے گزشتہ شب بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے دو نوجوانوں شوکت اور مظفر کے آبائی گاوں آرونی اور کوکرناگ میں ان کے جنازے میں شرکت کی۔

انہیں آزادی کے حق میں اور بھارت کیخلاف فلک شگاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیاگیا۔ اسلام آباد اورپلوامہ میںنوجوانوں کی شہادتوں پر آج مکمل ہڑتال کی گئی۔ علاقی میں تمام دکانیں، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔دونوں اضلاع میں موبائیل اور انٹرنیٹ سروسز بھی معطل رہیں۔ حریت رہنمائوں محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ ، مولانا عباس انصاری اور میر واعظ کی سرپرستی میں قائم فورم نے سرینگر میںاپنے الگ الگ بیانات میںمیر واعظ عمر فاروق کو نظربند کرنے اور انہیں اپنے چچا طارق احمد بچھ کی نماز جنازہ میں شرکت سے روکنے پر کٹھ پتلی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں کہاگیا ہے کہ بھارتی قابض انتظامیہ سکیورٹی کے نام پر جموں سے وادی کشمیر اشیائے ضروریہ لے جانے والے ٹرکوں کی آزادانہ نقل وحرکت میں خلل ڈال رہی ہے، جس کے نتیجے میںوادی میںخوراک اور ادویات سمیت اشیائے ضروریہ کی شدیدقلت پید اہو گئی ہے۔ اطلاعات میں کہاگیا ہے کہ وادی کشمیر میں تجارتی سرگرمیاںمعطل ہو گئی ہیں اور اگر یہ صورتحال جاری رہی توکشمیرمیں بڑے پیمانے پراقتصادی بحران جنم لے سکتا ہے۔

کے کے عزیز کی تصنیف ’’آئیڈیا آف پاکستان ‘‘جسے مسلم دینی محاذ کے امیر ڈاکٹر محمد قاسم نے مدون کیا ہے کی سرینگر میں تقریب رونمائی ہوئی۔ اسلامی اسکالر عبدالمجید ڈار اور کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالقیوم نے کتاب کی رونمائی کی۔ دریںاثناء نامعلوم مسلح افراد نے قانڈی گنڈ میں نذیر احمد شاہ نامی ایک شخص کو گولی مار کر شدید زخمی کردیا۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں بھارتی فوج کے افسرمیجر شیکھر تھاپاکوایک ساتھی فوجی نے معمولی تلخ کلامی پر گولی مار کر ہلاک کردیا۔

متعلقہ عنوان :