مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک اور کشمیری نوجوان شہید

پلوامہ ، سوپور اور حاجن میں ہڑتال، پہلگام میں بھارتی فوجیوں کا سکول میں زبردستی داخل ہو کر طلبا پر تشدد

پیر 7 اگست 2017 19:37

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع پلوامہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عمرنامی نوجوان کوبھارتی فو ج ، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اورپولیس اہلکاروں نے تلاشی اورمحاصرے کی ایک مشترکہ کاروائی کے دوران ضلع کے علاقے سانبورہ میںشہید کیا۔

نوجوان کی شہادت پرضلع میں مکمل ہڑتال اور بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ بھارتی فوجیوںنے ضلع کے علاقے پنگلنہ میں مظاہرین پر گولیوں ، پیلٹ گن اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا ۔ انتظامیہ نے شہادت کے بعد ضلع میں موبائل اورانٹرنیٹ سروسز معطل بھی کردی۔ادھر تین نوجوانوں کی شہادت پر مسلسل دوسرے دن بھی شمالی کشمیر میں ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج رہے ۔

(جاری ہے)

فوجیوںنے ہفتہ کے روز سوپور کے علاقے امرگڑھ میں جاوید احمد ڈار ، عابد حمید میر اوردانش شوکت ڈار کو شہیدکردیا تھا ۔ سوپور اور حاجن قصبوں میںتمام دکانیںاور تجارتی مرکاز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔ میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فوم نے سرینگر میں ایک بیان میں مظالم کے خلاف طلباء کے احتجاج کو روکنے کیلئے تعلیمی اداروں کوایک پالیسی کے تحت وقتا فوقتا بند کرنے پر کٹھ پتلی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

حریت رہنماء مولانا مسرور عباس انصاری نے سرینگر میںجموںوکشمیر اتحاد المسلمین کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل میں مسلسل ناکامی سے جنوبی کشمیر کے امن کو خطرہ لاحق ہے ۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے نئی دلی میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری شبیر احمد شاہ کی اہلیہ سے بھی پوچھ گچھ کی ہے جو اپنے شوہر سے ملنے گئی تھیں۔

ڈائریکٹوریٹ کے حکام نے ان سے کہاکہ وہ 11اگست تک اپنی جائیداد کی دستاویزات دفتر میں جمع کرائیں۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے پہلگام میں ایک سکول کے اساتذہ اور طلباء نے شکایت کی ہے کہ بھارتی فوجیوںنے سکول میں زبردستی داخل ہو کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور وندے ماترم پڑھنے پر مجبور کیا ۔ دریں اثناء بھارتی پولیس نے اسلام آباد قصبے سے بلال احمد ریشی ، اعجاز وگے اور ظہور احمد کو جھوٹے الزامات میں گرفتار کرلیا ہے ۔ انتظامیہ نے کشمیر میں بھارتی قانون گڈزاینڈ سروسز ٹیکس پر عمل درآمد کے خلاف جموںوکشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی کے مجوزہ دھرنے کو ناکام بنانے کیلئے تین تاجر لیڈروں محمدیاسین خان ، شکیل قلندر اور ڈاکٹر مبین شاہ کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :