دنیا بھر میں آباد کشمیری مقبوضہ کشمیر کے حالات کے پیش نظر اپنی آواز عالمی فورمز پر بلند کریں، بیرسٹر سلطان

مودی ، ٹرمپ کے مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو دہشت گردی کی تحریک قراردینے کا معاملہ اقوام متحدہ، امریکی حکام کیساتھ اٹھائونگا، ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کا موقف پیش کرونگا، استقبالیہ سے خطاب

جمعہ 18 اگست 2017 19:43

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات کے پیش نظر اور وہاں پر بڑھتے ہوئے بھارتی افواج کے مظالم کی وجہ سے اب دنیا بھر میں کشمیری جہاں جہاں بھی آباد ہیں وہ مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف مسئلہ کشمیر کے اس فیصلہ کن موڑ پر اپنی آواز انٹرنیشنل فورمز پر بلند کریں۔

بالخصوص امریکہ میں مقیم کشمیری و پاکستانی اس سلسلے میں بہتر انداز میں کردار ادا کر سکتے ہیں کیونکہ یہاں پر اقوام متحدہ کے دفاتربھی ہے ۔لہذا یہاں پر مقیم کشمیری و پاکستانی مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

مودی اور ٹرمپ کے مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو دہشتگردی کی تحریک قرار دینے کے معاملے کو بھی میں یہاں اقوام متحدہ اور امریکی حکام سے اٹھائونگا اور ڈیڑھ کروڑ کشمیر عوام کا موقف پیش کرونگا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں لندن سے نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پہنچنے پر اپنے استقبال کے لئے آنے والے استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب ائیرپورٹ سے باہر آئے تو سینکڑوں کشمیریوں نے ان کا جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر انکا استقبال کیا۔ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور انکے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔

جس سے ائیرپورٹ کا نظام درہم برہم ہو گیا ۔تاہم استقبالی ہجوم نے اس موقع پرحالات کوسنبھال لیا۔ اس موقع پر استقبال کے لئے آنے والوں میں سردار سوارخان، چوہدری ظہور، مدثر چوہدری، آفتاب شاہ، بشارت نیازی، چوہدری راشد، صوفی نذیر، سردارساجد سوارکے علاوہ دیگر قائدین اورپی ٹی آئی کے کارکن بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں یہاں امریکہ کے دورے پر آیا ہوں میں اپنے دورے میں ٹرمپ اورمودی کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کیں جاری کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دہشتگردی کی تحریک قرار دینے کا معاملہ بھی اٹھائوں گا اور ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کا موقف امریکی حکام کے سامنے رکھوں گا۔

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے ظلم و بربریت عروج پر ہے لہذا ایسے موقع پر جبکہ مسئلہ کشمیر ایک فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو چکا ہے تو دنیا بھر میں مقیم کشمیری بالخصوص امریکہ میں آباد کشمیری اپنا کردار اد ا کریں اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آواز اٹھائیں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرائیں۔

کیونکہ یہاں پر اقوام متحدہ کے دفاتر بھی ہیں اور یہاں سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بہتر انداز میں آواز اٹھائی جس سکتی ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں یہاں امریکہ میں اقوام متحدہ اور امریکی حکام سے ملاقاتیں کرکے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آواز اٹھائونگااور دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور مسئلہ کشمیر کے حل پر مبذول کرائونگا۔