اقوامِ متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، حریت چیئرمین کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام کھلا خط

اتوار 17 ستمبر 2017 17:20

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتریس کے نام ایک کھلے خط میں انہیں تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پرزوردیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی اپنے خط میں کہاہے کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پُرانا حل طلب مسئلہ ہے۔

انہوں نے اقوامِ متحدہ کی طرف سے حالیہ برسوں میں عالمی سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ اور مظلوم اقوام کو انصاف فراہم کرنے کی کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح کوسوو اور مشرقی تیمور کے مسئلوں کو حل کرنے کے لیے عالمی ادارے نے مداخلت کی ، اسی طرح مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے ادارے کی مداخلت ناگزیر بن گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں حقِ خودارادیت کا مطالبہ کرنے والے عام لوگوں کے جلسے جلوسوں اور پُرامن مظاہروں پربھارتی قابض فورسز کی طرف سے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اپنے جائز حقوق کی بازیابی کے لیے کشمیریوں کے پرامن مظاہروں پر پیلٹ گن کا بے تحاشا استعمال کرکے ہماری نوجوان نسل کو جسمانی طور پر معذور اور آنکھوں کی روشنی سے محروم کیا جارہا ہے جبکہ تعذیب خانوں میں انہیںجسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، آئے روز سخت ترین کرفیو اور پابندیوں کے نفاذ سے عام لوگوں کی زندگی کو اجیرن بنادیا گیا ہے۔

سیاسی رہنمائوں اور عام نو جوانوں کو غیر قانونی طور پر جیلوں میں نظربند کیا جارہا ہے۔سید علی گیلانی نے سیکریٹری جنرل کو ریاستی عوام کی طرف سے مطالبہ کیا کہ وہ قتل وغارت، گرفتاریوں، پرتشدد کارروائیوں، عفت مآب خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں اورسیاسی سرگرمیوں پر مکمل پابندی جیسی انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا از خود مشاہدہ کرنے کے لیے اپنا ایک نمائندہ وفد علاقے کے دورے کے لیے نامزد کریںاور بھارتی حکومت پر دورے کی اجازت دینے کے لیے دبائو ڈالیں۔

انہوںنے کشمیری عوام کا یہ مطالبہ دہرایا کہ وہ انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث بھارتی فورسز کو قرارواقعی سزا دلوانے کے لیے یہاں جنگی جرائم کا ٹریبونل قائم کریں۔حریت چیئرمین نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کومسئلہ کشمیر کو عالمی ادارے کی طرف سے منظورشدہ قراردادوںکے مطابق حل کرانے کا مطالبہ دہراتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ادارہ دیگر تنازعات کی طرح اس دیرینہ انسانی مسئلے کو بھی جلد از جلد حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیا کی دو بڑی ایٹمی طاقتوں کے درمیان جاری کشیدگی پورے خطے کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے اور جب تک اس مسئلے کو پُرامن طریقے سے حل نہیں کیا جاتا ، یہ خطرہ بدستورموجود رہے گا۔