چوہدری محمد یاسین کی فریال تالپور سے ملاقات ،ْ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صحارتحال

آزادکشمیر کے سیاسی معاملات اور پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات زیر بحث آئے پاکستان میں ہونے والے آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ،ْچوہدری یاسین

بدھ 11 اکتوبر 2017 18:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) قائدحزب اختلاف آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی چودھری محمدیٰسین کی پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی سیاسی امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور سے ملاقات ۔ دوران ملاقات مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال ، آزادکشمیر کے سیاسی معاملات، اور پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات زیر بحث آئے ۔

اس موقع پر چودھری محمد یٰسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہوچکی ہے ، قابض بھارتی افواج نے پوری وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیاہے۔ انٹرنیٹ سروس سمیت تمام قسم کی اطلاعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ قابض بھارتی افواج نے تشدد کے تمام تر حربے آزمانے کے باوجود ناکامی کے بعد کشمیریوں پر پیلٹ گن جیسے خطرناک ترین ہتھیار کااستعمال کر کے کشمیریوں کو نابینہ اور اپاہچ کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب بھارتی افواج نے کیمیائی ہتھیاروں کا بھی استعمال شروع کردیا ہے۔ بھارت جنگی جرائم کا مرتکب ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ان تمام تر مظالم ، جبروبربریت کے باوجود بھارتی مظالم کا بے جگری سے مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام آج بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ کہ اقوام متحدہ کب مقبوضہ کشمیر میں استصواب رائے کروائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی اور آج بھی پیپلزپارٹی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا اولین کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔ اور اس کیلئے پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے کارکن پاکستان بھر میں گھر گھر جائینگے۔