Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے شکایت کو واپس لینے کی استدعا

عدالت نے عمران خان کی تیسری شادی سے منسوب جھوٹی رپورٹ پر چینل 24کے خلاف 5لاکھ روپے جرمانہ خارج کردیا

منگل 31 اکتوبر 2017 18:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2017ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے وکیل کی طرف سے نجی ٹی وی چینل کے خلاف شکایت واپس لینے کی درخواست پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کا ’چینل 24‘ پر 5لاکھ روپے جرمانہ کا فیصلہ خارج کر دیا ۔ پیمرا نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی تیسری شادی سے منسوب غلط رپورٹ نشر کر نے پر ٹی وی چینل کو جرمانہ اداکرنے کا حکم دیا تھا۔

مذکورہ رپورٹ میں عمران خان کے ایک خاتون سے مبینہ تعلقات کا بھی الزام لگایا گیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف نے مذکورہ رپورٹ نشر ہونے پر پیمرا سے ٹی وی چینل کے خلاف شکایت دائر کی تھی ۔ پیمرا کونسل آف کمپلینٹس نے 41ویں اجلاس میں ضابطہ کی کاروائی کے بعد غلط رپورٹ نشر کرنے کی پاداش میں ٹی وی چینل پر 5لاکھ روپے جرمانہ کی سفارش کی جسے مجاز اتھارٹی نے منظور کرتے ہوئے ٹی وی چینل انتظامیہ کو مقررہ مدت میں جرمانہ کی رقم جمع کروانے کا حکم دیا تاہم چینل انتظامیہ نے پیمرا کا مذکورہ حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ۔

(جاری ہے)

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فریقین کو سننے کے بعد اور شکایت گزار (پاکستان تحریک انصاف ) کی طرف سے شکایت کو واپس لینے کی استدعا پر پیمرا کا مذکورہ حکم خارج کر دیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات