مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی کارروائی ، جیش محمد سربراہ مولانا مسعود اظہر کا بھتیجا طلحہ رشید شہید ، جھڑپ میں ایک بھارتی فوجی بھی مارا گیا

منگل 7 نومبر 2017 20:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 نومبر2017ء) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی کارروائی میں کالعدم جیشِ محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کے بھتیجے طلحہ رشید کے مبینہ طور پرشہید ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹ مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے پلوامہ ڈسٹرکٹ کے گاں کنڈی اگلر میں کارروائی کرتے ہوئے طلحہ رشید سمیت دو مزید حریت پسندوں کوشہید کرنے کا دعوی کیا جبکہ اس کارروائی کے دوران ایک بھارتی فوجی بھی مارا گیا ہے جیشِ محمد کے ترجمان نے طلحہ رشید کے مارے جانے کی تصدیق کردی۔

رپورٹ کے مطابق تنظیم کے ترجمان کے جاری بیان میں کہا گیا کہ کنڈی اگلر گاں میں کارروائی کے دوران تین حریت پسند مارے گئے جن کی شناخت کالعدم جیشِ محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کے بھتیجے طلحہ رشید، جماعت کے ڈویژنل کمانڈر محمد بھائی اور وسیم کے ناموں سے ہوئی۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ کے دوران ایک شہری بھی زخمی ہوا۔

پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے خفیہ اطلاع پر علاقے کا محاصرہ کیا اور اسی دوران ان پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار اور شہری زخمی ہوگیا بعد ازاں حریت پسندوں اور بھارتی فورسز کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی۔ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے کہا کہ طلحہ رشید کے مارے جانے کی خبر سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ عسکریت پسندوں کو سرحد پار سے مدد مل رہی ہے۔