بھارت لائن آف کنٹرول کے سویلین افراد کو جارحیت کا نشانہ بنا کر انھیں پیچھے دھکیلنے کی سازش کر رہا ہے، راجہ فاروق حیدرخان

ایل او سی پر شہید ہونیوالے پاک آرمی اور سویلین شہداء کے ورثاء کو سرکاری ملازمتوں میں ترجیح دی جائے گی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے شہید اور زخمی ہونے والوں کے لیے معاوضہ بڑھایاجائیگا، متاثرین کو بنکرز کی تعمیر کے لیے رقم بھی مہیا کی جائیگی،وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 10 نومبر 2017 19:05

چڑی کوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2017ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر شہید ہونے والے پاک آرمی اور سویلین شہداء کے ورثاء کو آزاد کشمیر کے اندر سرکاری ملازمتوں میں ترجیح دی جائے گی اور ان کے لیے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ مختص کیا جائے گا۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے شہید اور زخمی ہونے والوں کے لیے معاوضہ بڑھایاجائیگا، اور متاثرین کو بنکرز کی تعمیر کے لیے رقم مہیا کی جائیگا۔

لائن آف کنٹرول کے عوام دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں ۔بھارت لائن آف کنٹرول کے سویلین افراد کو جارحیت کا نشانہ بنا کر انھیں پیچھے دھکیلنے کی سازش کر رہا ہے تا کہ پاک فوج کی دفاعی پوزیشن کمزور کی جاسکے۔

(جاری ہے)

لیکن ہم بھارت پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ دفاع وطن میں نہ صرف لائن آف کنٹرول بلکہ آزاد کشمیر کے 40لاکھ عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں ۔

بھارت نے لائن آف کنٹرول سے آگے بڑھنے کی غلطی کی تو اسے عبرت ناک انجام سے دوچار ہونا پڑے گا۔ بھارتی فوج کے لیے صرف لائن آف کنٹرول کے عوام ہی کافی ہیں۔ آزاد کشمیر کے 13حلقے لائن آف کنٹرول پر واقع ہیں ایل او سی پر اعلیٰ معیار کی شاہرات تعمیر کی جا رہی ہیں ۔ بزدل دشمن لائن آف کنٹرول کے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔ میاں محمد نواز شریف کے بعد شاہد خاقان عباسی پاکستان کے دوسرے وزیر اعظم ہیں جنھوں گزشتہ 20سال کے دوران لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا۔

قبل ازیں میاں محمد نواز شریف نے لائن آف کنٹرول کے دورے کئے اور متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا۔ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے شکر گزار ہیں کہ وہ آج یہاں متاثرین کنٹرول لائن سے اظہار یکجہتی کے لئے یہاں آئے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چڑی کوٹ سیکٹر میں متاثرین انڈین فائرنگ کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز چڑی کوٹ سیکٹر کا دورہ کیا اس موقع پر اعلیٰ عسکری اور سول حکام بھی موجود تھے۔ متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے۔ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ لائن آف کنٹرول کے 13انتخابی حلقوں کے 5لاکھ عوام دفاع وطن کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔

بزدل دشمن لائن آف کنٹرول کے نہتے عوام کو جارحیت کا نشانہ بنا کر انھیں پیچھے ہٹنے پر مجبور کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ بھارت اور اس کی فوج کو خبر دار کرتے ہیں کہ وہ اگر اس نے ایل او سی پر کسی مہم جوئی کو کوشش کی تو آزاد کشمیر کی دھرتی بھرتی سینا کا قبرستان بن جائے گی۔ بزدل بھارتی فوج کے مقابلے کے لیے لائن آف کنٹرول کے عوام ہی کافی ہیں۔

جو دھائیوں سے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایل اوسی کے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔ ایل او سی کے عوام دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام لائن آف کنٹرول پر دفاع کا فریضہ سرانجام دینے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انھیں سلام پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد حکومت ریاست کے اندر سیاحت کے شعبہ کو فروغ دے کر ریاستی آمدن میں اضافہ کرنا چاہتی ہے۔ آزاد کشمیر میں پن بجلی کے وسیع مواقع دستیاب ہیں ان وسائل کو بروئے کا ر لا کر ریاست کی آمدن میں معقول اضافے کی پالیسی اپنائی گئی ہے ۔