راولاکوٹ، وزیراعظم آزادکشمیر کی انجمن تاجران کی نشاندہی پر بلدیاتی اداروں میں مبینہ کرپشن کیخلاف سخت ایکشن لینے، شہر میں سولر سسٹم سٹریٹ لائٹس کی تنصیب سمیت شہر میں تاجروں کی سہولیات کیلئے ترجیحی اقدامات کی یقین دہانی

منگل 14 نومبر 2017 18:53

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2017ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے انجمن تاجران کی نشاندہی پر بلدیاتی اداروں میں ہونیوالی مبینہ کرپشن کیخلاف سخت ایکشن لینے، شہر میں سولر سسٹم سٹریٹ لائٹس کی تنصیب سمیت شہر میں تاجروں کی سہولیات کیلئے ترجیحی اقدامات کی یقین دہانی کروائی ہے،وزیراعظم نے بلدیاتی اداروں کی جانب سے نافذ کردہ نئے ٹیکسز کو مجوزہ قراردیا اور کہا کہ ایک ماہ تک مشاورت کی جائے گی اور تاجروں کی رائے لینے کے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا، وزیراعظم آزادکشمیر نے یہ بھی یقین دہانی کروائی کے بلدیاتی اور ترقیاتی ادارہ جات کے ملازمین کے تبادلہ جات کئے جائیں گے اور کسی بھی ملازم کو دو عہدوں کا چارج نہیں سنبھالنے دیا جائے گا، وہ صدر انجمن تاجران سردار افتخار فیروز کی قیادت میں ملنے والے انجمن تاجران کے عہدیداران کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے، جنرل سیکرٹری حاجی اعجاز حنیف، ڈپٹی جنرل سیکرٹری طاہر فاروق، چیف آرگنائزر عرفان اشتیاق اور افنان نواز اور دیگر وفد میں شامل تھے، اس موقع پر ضلعی صدر مسلم لیگ ن سردار اعجاز یوسف، بانی رہنما سردار عبدالودود خان سمیت انتظامی افسران بھی موجود تھے، سردار افتخار فیروز نے وزیراعظم آزادکشمیر کو نشاندہی کروائی کے میونسپل کارپوریشن کے ذمہ داران نے آر سی ڈی پی کے تحت پختہ کی گئی گلیوں پر ہی سکیمز بنا کر انکے نام پر بھاری رقوم ڈرا کروائی ہیں، مذکورہ سکیم ہا کی فہرست بھی وزیراعظم آزادکشمیر کے حوالے کی گئی جس پر وزیراعظم نے سخت ایکشن لینے کی یقین دہانی کروائی،سردار افتخار فیروز نے کہا کہ بلدیاتی اداروں میں ملازمین گزشتہ اٹھارہ ، اٹھارہ سال سے تعینات ہیں انکے تبادلہ جات نہیں ہو رہے، شہریوں کو سہولیات دینے کی بجائے پہلے سے جمع شدہ ٹیکس سے بھی لوٹ مار ہی کی جا رہی ہے ، اب نئے ٹیکسز نافذ کرنیکی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن اور دیگر اداروں کو سپیشل آڈٹ کروایا جائے، ان اداروں کے ذمہ داران دو دو عہدے سنبھال کر بیٹھے ہیں، خود ہی منصوبے منظور کرتے اور خود ہی چیک جاری کر کے لوٹ مار کی جا رہی ہے، فائر بریگیڈ کی گاڑی موجود نہیں، مشینری ناقص لی گئی جو ضائع ہو گئی، سٹریٹ لائٹس موجود نہیں ہیں، صفائی کیلئے کوئی انتظام نہیں، گزشتہ چالیس سال سے میونسپل کارپوریشن کے پاس صرف بارہ سینیٹری ورکرز ہیں، ایک طرف فنڈز نہ ہونے کا بہانہ کیا جاتا ہے دوسری طرف دوتھان تک پروگرامات میں کھانوں اور دیگر تعیشات پر لاکھوں ضائع کئے جاتے ہیں، وزیراعظم آزادکشمیر نے انجمن تاجران کے وفد سے کہا کہ معاملات انکے نوٹس میں آچکے ہیں، انہیں کچھ وقت دیا جائے، جلد ان تمام معاملات کو یکسو کیا جائے گا، تبادلہ جات بہر صورت ہونے چاہئیں، ایک ملازم کو ایک عہدے پر زیادہ لمبا عرصہ رکھنا کسی طور درست نہیں نہ ہی ایک آفیسر کو ایک سے زائد عہدوں کا چارج دیا جائے گا، جلد لوگوں کو بہتری نظر آئے گی، راولاکوٹ شہر میں سولر سسٹم سٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی، پانی کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے، تمام اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔

۔۔۔راٹھور