Live Updates

میرے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت ہو جائے تو پوری قوم میرا گریبان پکڑ لے،شہباز شریف

ہفتہ 9 دسمبر 2017 16:07

میرے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت ہو جائے تو پوری قوم میرا گریبان پکڑ ..
جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے لوگوں نے بھی لوٹ مار میں کوئی کسر نہ چھوڑی، بابر اعوان نندی پور کا بیڑہ غرق کرنے کے ذمہ دار ہیں،بابر اعوان نے نندی پور پراجیکٹ میں قوم کے اربوں روپے لوٹے، ،رینٹل پاور پروجیکٹ اور سرے محل میں ملک کو لوٹا گیا،کرپشن اور احتساب کی باتیں کرنے والے اپنے کریبانوں میں جھانکیں، قوم کے اربوں روپے کھائے گئے،ملک میں احتساب نہ ہو ا تو خونی انقلاب آئے گا جو سب کو بہا کر لے جائے گا،اگر پاکستان کو قائداعظم اور اقبال کا پاکستان بنانا ہے تو تمام فریقوں کو اکٹھا کرنا ہو گا، زرداری صاحب یہ قوم احتساب کرے گی ایک دن،اگر عدالت اور نیب نے احتساب نہ کیا تو عوام احتساب کرے گی اور وہ اندھا احتساب نہیں ہو گا،میری محنت کی داستان میں اگر حکومتی سطح پر میرے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت ہو جائے تو پوری قوم میرا گریبان پکڑ لے،ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے تمام چیلنجز قبول کئے، سچ بول کر، قوم ترقی کیلئے اٹھ کھڑی ہو تو کوئی ان کا راستہ نہیں روک سکتا، چینی برے وقت میں کام آنے والے دوست ہیں، برے وقت جب پاکستان میں کوئی نہیں آتا تھا اس وقت چین نے اربوں ڈالر کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی، آج 1260میگاواٹ بجلی کا سنگ بنیاد رکھا گیا ،یہ منصوبے تاریخ کے تیز رفتار اور آدھی قیمت پر منصوبے بنے، یہ منصوبے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں لکھے جائیں گے، وہ ہفتہ کو پاور پلانٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ آج ایک بڑا دن ہے کیونکہ بجلی کے ایک بڑے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، آج پاکستان میں زیرو لوڈشیڈنگ ہے، یہ محنت، دیانت اور مستقل مزاجی کے باعث ممکن ہے، حویلی بہادر میں پہلے ہی ایک بجلی پلانٹ لگایا جا چکا ہے،2015میں پاکستان میں سی پیک کابے مثال سفر شروع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی سے چلنے والے 3600میگاواٹ بجلی کے منصوبوں کا فوری آغاز کیا گیا، بجلی منصوبوں کی اس طرح مخالفت کی گئی جیسے ہم ملک دشمنی کر رہے ہیں، ہم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ 2018تک ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کر دیں گے، ہم نے دو سال میں اتنے منصوبے شروع کئے جتنے ستر سال میں نا رکھے جا سکے، آج ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، یہ منصوبے سی پیک اور پنجاب حکومت کی کاوشوں سے مکمل ہو رہے ہیں،لوڈشیڈنگ ہمیشہ کیلئے جا چکی ہے،چینی سفیر کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، لوڈشیڈنگ ختم کر کے نواز شریف کے وعدوں کی تکمیل کررہے ہیں، پاک چین دوستی پہلے سے زیادہ مضبوط ہورہی ہے اور سی پیک اس کا ثبوت ہے، دوست وہ جو برے وقت میں کام آئے، چینی برے وقت میں کام آنے والے دوست ہیں، سعودی عرب نے ہمیشہ ہماری مدد کی، ترکی بہترین دوست ہے لیکن جو قوت چین کو ملی ہے اس کی مثال نہیں ہے، چین کی مدد کو کبھی مت بھولنا، برے وقت جب پاکستان میں کوئی نہیں آتا تھا اس وقت چین نے اربوں ڈالر کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی، آج 1260میگاواٹ بجلی کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ میڈیا کے لوگوں کو ڈرامائی باتیں تو لکھنی آتی ہیں اور بڑے بڑے انکشافات تو یہ کرتے ہیں لیکن جو سچی بات ہے جس نے اس قوم کی تقدیر کو بدلنا ہے اس بارے میں وہ سب جانتے ہیں،میں منت کرتا ہوں کہ سیاستدانوں کے خلاف جو چاہے کہیں لیکن قومی ترقی کا جو سفر ہے اس کے بارے میں اگر قوم کو نہیں بتائیں گے تو قوم کا نقصان ہو گا، ہماری حکومت نے چیلنج قبول کیا اور دن رات کام کر کے نا ممکن کو ممکن بنایا، یہ منصوبے تاریخ کے تیز رفتار اور آدھی قیمت پر منصوبے بنے، یہ منصوبے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں لکھے جائیں گے، افسوس شفاف منصوبوں پر میڈیا بات نہیں کرتا، بابر اعوان نے نندی پور پراجیکٹ میں قوم کے اربوں روپے لوٹے، آج تک کون ہے جو نندی پور کی تحقیق کرے گا نندی پور کے منصوبے میں کوئی ٹینڈر نہیں دیا گیا، اس سے بڑا کیا کرپشن کا اسکینڈل ہو سکتا ہے، منصوبہ من پسند لوگوں کو پیپلز پارٹی نے دے دیا، ہم نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے تمام چیلنجز قبول کئے، پھر آپ کہتے ہیں کہ احتساب ہو گا، اپنے گریبانوں میں جھانکیں، میں نے اگر خیانت کی تو قوم میرا گریبان پکڑے، رینٹل پاور پراجیکٹ پر اربوں روپے کھائے گئے لیکن کسی نے نوٹس نہیں لیا، بابر اعوان ٹی وی پر آ کر قرآن کی آیتیں پڑھتے ہیں لیکن انہوں نے اربوں کی کرپشن کی،جس کا سپریم کورٹ کے فیصلے میں بھی تذکرہ ہے،نیب کے سربراہ کو غلط فہمی نہیں رہنی چاہیے، ان کو کرپشن کا احتساب کرنا چاہیے، ہم انسان ہیں اور غلطیاں ہو سکتی ہیں لیکن میری محنت کی داستان میں اگر حکومتی سطح پر میرے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت ہو جائے تو پوری قوم میرا گریبان پکڑ لے،لیکن اس کرپشن کے سمندر کوکس نے صاف کرنا ہی غریب قوم کے پیسے کو کس نے واپس لانا ہی سوئٹزرلینڈ میں غریبوں کا 6ارب روپیہ پڑا ہے، اگر چھ ارب روپیہ یہاں ہوتا تو غریب لوگوں کا بھلا ہوتا، سرے محل بنانے والوں نے ملک کو لوٹا، زرداری صاحب یہ قوم احتساب کرے گی ایک دن،اگر عدالت اور نیب نے احتساب نہ کیا تو عوام احتساب کرے گی اور وہ اندھا احتساب نہیں ہو گا، عمران خان گلا پھاڑ کر باتیں کرتے ہیں ان کے دائیں بائیں جو لوگ ہیں انہوں نے غریبوں کا پیسہ لوٹا، پہلے وہ اپنا گریبان جھانکیں، عمران خان نے اورنج ٹرین پر قوم کے 22مہینے ضائع کئے۔

انہوں نے کہا کہ میں خوب سے خوب تر پر یقین رکھتا ہوں، ہم نے کھاد سستی کی، ملک کی معیشت بہتر کی، ملک سے اندھیرے ختم کئے، ہمارا احتساب شوق سے کرو لیکن اپنا احتساب بھی کرو، 21کروڑ عوام کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میں کمزور انسان ہوں اور برا ہوں لیکن خدمت خلق کیلئے مسلم لیگ (ن) نے جو مجھے منتخب کیا اس کو میں نے پورا کیا، عوام کی خدمت ہمارا فرض ہے، اگر ایک دھیلے کی مجھ پر کرپشن ثابت ہو تو میری لاش کھمبے پر لٹکا دیں، جنہوں نے ملک کا بیڑا غرق کیا ان کا کوئی احتساب نہیں کررہا،اس ملک میں احتساب نہ ہو ا تو خونی انقلاب آئے گا جو سب کو بہا کر لے جائے گا،اگر پاکستان کو قائداعظم اور اقبال کا پاکستان بنانا ہے تو تمام فریقوں کو اکٹھا کرنا ہو گا، سیاستدانوں کو ،جرنیلوں کو، ججوں کو، انتظامیہ کو،پارلیمنٹ کو بھی اورنیا معاہدہ تحریر کرنا ہو گا جس کا پہلا نقطہ یہ ہو گا کہ پاکستان کے فائدے کیلئے کچھ بھی ہو جائے ہمیں اکٹھے رہنا ہو گا، کرپشن کا خاتمہ دنیا بھر میں آج تک نہیں ہو سکا لیکن کرپشن کو ختم کرنے کیلئے ہم سخت ترین قوانین بنائیں جو سب کیلئے برابر ہوں، بجلی کے یہ منصوبے غریب عوام کا پیسہ ہے ہم نے کسی سے قرض نہیں لیا، سی پیک آنے کے بعد ہم نے سب کچھ چھوڑ نہیں دیا بلکہ اپنے منصوبے بھی لگائے، جس سے قوم کی عزت بڑھی، منصوبے مکمل ہونے پر تمام کو مبارکباد دیتا ہوں، پنجاب میں جو منصوبے لگے ہیں بجلی کے یہ پیسہ پنجاب حکومت کا اور پنجاب کے عوام کا پیسہ ہے لیکن بجلی سارے پاکستان کو جائے گی، کائرہ صاحب نے مینار پاکستان جا کر ہڑتالی کیمپ لگایا اور بجلی مانگی، ان کا میری نقل کرنے کا دن کیا ہو گا، میٹرو کی سخت مخالفت کرنے والے نے پشاور میں ایک اینٹ نہیں لگائی، پاکستان بنانے کیلئے چاروں صوبوں کو مل کر کام کرنا ہو گا، اس کے بغیر پاکستان کا خواب ادھورا رہے گا، اس منصوبے میں ہم نے دن ارب روپے بچائے ہیں، میری تعریف بے شک نہ کریں لیکن پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں، سچ بول کر، قوم ترقی کیلئے اٹھ کھڑی ہو تو کوئی ان کا راستہ نہیں روک سکتا، وزیر اعلیٰ نے جرمن زمان میں تقریب میں شریف جرمن وفد کا شکریہ ادا کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات