پی ٹی آئی کشمیرپاکستان کے انتخابات میں امیدواروں کی ملک بھر میںبھرپور حمایت کرے

گی‘انتخابات میں کشمیر اہم ایشو ہوگا‘ اس پرپی ٹی آئی اپنا موقف عوام کے سامنے رکھے گی‘نواز شریف نے مودی کے ساتھ ملکر کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا اوراسی طرح نواز شریف نے مری میں جندال سے ملاقات کرکے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی پھانسی کی سزا پر اسٹے دلوایا آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی چوہدری سرور سے بات چیت

منگل 2 جنوری 2018 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جنوری2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کشمیرپاکستان کے آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی ملک بھر میںبھرپور حمایت کرے گی۔ان انتخابات میں کشمیر اہم ایشو ہوگا۔ اس پرپی ٹی آئی اپنا موقف عوام کے سامنے رکھے گی۔

نواز شریف نے مودی کے ساتھ ملکر کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا اوراسی طرح نواز شریف نے مری میں جندال سے ملاقات کرکے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی پھانسی کی سزا پر اسٹے دلوایا۔اس وقت جو صورتحال ملک کو درپیش ہے اس میں صرف پی ٹی آئی ہی پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نکال سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں لاہور میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء و سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری جنرل و ممبر قانون ساز اسمبلی دیوان غلام محی الدین بھی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر چوہدری محمد سرور نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ ہم ملکر دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں گے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہا کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے پاکستان کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی گفت و شنید کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ عمران خان کی قیادت میں آئندہ انتخابات میں بھرپور انتخابی مہم چلا کر عمران خان کو پاکستان کا آئندہ وزیر اعظم بنوائیں گے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ جیسے امریکہ اب پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے ایسے میں عمران خان جیسا نڈر لیڈر ہی امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتا ہے۔

نواز شریف سعودی حکمرانوں کے سامنے گھٹنے ٹیک کو معافیاں مانگ رہا ہے ۔ لیکن اس دفعہ نواز شریف کو کوئی این آر او نہیں ملے گااوراسے لوٹی ہوئی دولت پاکستان واپس لانی پڑے گی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کے آئندہ انتخابات میں کشمیر اہم ایشو ہوگا اور آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کشمیر ملک بھر میں پا کستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی انتخابی مہم بھرپور انداز میں چلائے گی اور پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میںان الیکشن میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کر ے گی ۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے مودی کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے تحریک آزادی کو نقصان پہنچایا۔ملک کو درپیش مشکلات سے اس وقت صرف عمران خان جیسا نڈر لیڈر ہی نکال سکتا ہے اور امریکہ کی دھمکیوں کا جواب عمران خان ہی امریکہ کی آنکھوں میں انکھیں ڈال کر دے سکتے ہیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی کا سورج طلوع ہو گا۔