آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور لوگوں کے بنیادی مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، بھارت کو ظلم کا یہ بازار بند کرنا ہو گا اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو حق خودارادیت دے کر اقوام متحدہ میں اپنا کیا ہوا وعدہ نبھانا پڑے گا

صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان کا بنی نکہ سنگولہ کے مقام پر عوامی اجتماع سے خطاب

بدھ 3 جنوری 2018 14:10

راولاکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور لوگوں کے بنیادی مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے ، سنگولہ کے عوام نے جس طرح والہانہ استقبال کیا اس پر دل کی اتھا ہ گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔ بدھ کو یہاں بنی نکہ سنگولہ کے مقام پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہمارے وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں، اہل ثروت اور خوشحال لوگوں کو آگے بڑھ کر عوام کی خوشحالی اور تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ آج آزاد کشمیر کے لوگ تو آزاد ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائی اور بہنیں آزادی کی نعمت سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج دہشت گردی کر رہی ہیں، وہاں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں ہو رہی ہیں۔ صدر نے کہا کہ ہندوستانی افواج ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے نہتے اور معصوم لوگوں کو شہید کر رہی ہیں، ہندوستان کو ظلم کا یہ بازار بند کرنا ہو گا اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو حق خودارادیت دے کر اقوام متحدہ میں اپنا کیا ہوا وعدہ نبھانا پڑے گا۔

جلسے سے زین اکبر ، پروفیسر شریف نثار ، ملک عاشق اعوان ، عارف مغل ، نسیم اعوان ، مشہود اور عبد الرزاق نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ کی صدارت زین اکبر نے کی جبکہ نشاط حسین نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دئیے۔ بعد ازاں صدر آزاد کشمیر نے سنگولہ میں مختلف منصوبہ جات کا بھی معائنہ کیا ۔