مقبوضہ کشمیر ، بھارتی سیکیورٹی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی، مزید 3 کشمیری نوجوان شہید

نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد علاقہ مکینوں کا زبردست احتجاج، چدورا میں مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں تہاڑ جیل میں موجود کشمیریوں کی جانوں کو خطرہ ہے، عالمی تنظیمیں رہائی کیلئے کوششیں کریں، سید علی گیلانی

پیر 8 جنوری 2018 22:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ واردات میں مزید تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام کے علاقے چدورا میں بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ۔بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نوجوان سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے ہیں ۔

واقعے کے بعد علاقے بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی ہے۔ نوجوانوں کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے قابض بھارتی فورسز کیخلاف احتجاج شروع کردیا جبکہ تمام دکانیں اور ٹرانسپورٹ کو بھی بند کردیا گیا ہے۔چدورا کے علاقے میں مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں ۔

(جاری ہے)

بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔

دوسری جانب چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس کے سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ تہاڑ جیل میں موجود کشمیریوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ تہاڑ جیل میں قید کشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لیں اور ان کی رہائی کیلئے کوششیں کریں۔