مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کانامکمل ایجنڈہ ہے، کشمیری عوام کشمیر کو پاکستان کا حصہ دیکھنا چاہتے ہیں، آسیہ اندرابی

بدھ 7 فروری 2018 18:47

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میںدختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر برصغیر ِجنوبی ایشیاء کانامکمل ایجنڈہ ہے ۔سرینگر میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آسیہ اندرابی نے کہاکہ مسئلہ کشمیر دو قومی نظریہ کی وجہ سے وجود میں آیا اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ کشمیری عوام کشمیر کو پاکستان کا حصہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

سیمینار کا اہتمام آسیہ اندرابی کے شوہر ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کی غیر قانونی نظربندی کو 25برس مکمل ہونے کے موقع پر کیاگیاتھا۔ انہوںنے ڈاکٹرقاسم کی نظربندی کو سیاسی انتقام قراردیتے ہوئے کہاکہ انہیں انکے سیاسی نظریات کی وجہ سے نظر بند رکھاجارہا ہے ۔ڈاکٹر قاسم فکتو کی رہائی کیلئے پریس کالونی سرینگرمیں احتجاجی مظاہرہ بھی کیاگیا ۔

(جاری ہے)

ادھر مشترکہ حریت قیاد ت نے معروف کشمیری شہداء محمد افضل گورواورمحمد مقبول بٹ کی شہادت کی برسیوں کے موقع پر نو اور گیارہ فرروری کو مکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔ سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جمعہ کو پورے مقبوضہ علاقے میں پر امن مظاہرے کئے جائیں گے اور اتوار کو سونہ وار سرینگر میں اقوام متحدہ کے مبصر دفتر میں ایک یادداشت پیش کی جائیگی جس میں عالمی ادارے سے دونوں کشمیری شہداء کی میتوں کی نئی دلی کی تہاڑ جیل سے واپسی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھانے کی اپیل کی جائیگی۔

کشمیری شہداء کی میتوں کی واپسی کیلئے سرینگر اور بڈگام میں پہلے ہی ایک دستخطی مہم شروع کی گئی ہے ۔ بھارت نے محمد مقبول بٹ کو11فروری 1984کو اور محمد افضل گورو کو9فروری 2013کو نئی دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی تھی ۔ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں بھارتی فوج کی طرف سے ایک کمیونٹی سینٹر پر بھارتی فوجیو ں کے قبضے کے خلا ف مظاہرے کئے گئے۔

مظاہرین نے علاقے سے فوری طور بھارتی فوجیوں کے انخلاء کا مطالبہ کیا۔ تحریک کشمیر برطانیہ اور یورپ نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یورپی شہروں میں مظاہرے کئے جس میں بیرون ملک مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں نے شرکت کی ۔تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی اور یورپ کے صدر محمد غالب نے لسبن میں ہزاروں افراد کی ریلی کی قیادت کی ۔