مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی کشمیر قرار دادوں پر عملدرآمد میں ہی مضمر ہے ‘استصواب رائے کے انعقاد کے بعد کشمیریوں کی رضا مندی کے ساتھ ہی خطہ میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے

آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن میاں یاسر رشید کی صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 29 مارچ 2018 21:06

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2018ء) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن میاں یاسر رشید نے اخبار نویسوں سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی کشمیر قرار دادوں پر عملدرآمد میں ہی مضمر ہے اور استصواب رائے کے انعقاد کے بعد کشمیریوں کی رضا مندی کے ساتھ ہی خطہ میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے اور متوقع ایٹمی جنگ کے خطرات کو ٹالا جا سکتا ہے ۔

کشمیر پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ بانی پاکستان نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا ۔ میاں یاسر رشید نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل پاکستان مسلم لیگ ن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اس کے ساتھ ساتھ حکومت آزاد کشمیر وزیر اعظم فاروق حیدر خان کی زیر قیادت آزاد خطہ کی مثالی تعمیر وترقی اور عوامی خوشحالی کے منصوبوں پر بلا تخصیص عملد رآمد کر رہی ہے اور آزاد خطہ میں گڈ گورننس کے قیام کے لیے بھی موثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے تمام رواں ترقیاتی منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے احکامات صادر کیے ہیں ۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں معیار تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ آزاد خطہ کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے ۔ انہوں نے مہاجرین جموں وکشمیر کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی اقدامات کی تعریف بھی کی ہے ۔