مسئلہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیاء کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں، راجہ محمد فاروق حیدر

بھارت 70سالوں سے طاقت کے ذریعے کشمیریوں کے پیدائشی حق ،حق خودارادیت کو دبانے کی کوشش کررہاہے ،وزیراعظم آزاد کشمیر کشمیر کے معاملے پر ہم میں کوئی اختلاف نہیں نہ ہی سیاسی مخالفت ہے مقبوضہ کشمیر کے قائدین کو یقین دلاتا ہے کہ آزادکشمیر کی ساری سیاسی جماعتیں ، پاکستانی وکشمیر عوام ان کی پشت پرہیں،آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 7 اپریل 2018 20:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2018ء) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیاء کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں، بھارت گزشتہ70سالوں سے طاقت کے ذریعے کشمیریوں کے پیدائشی حق ،حق خودارادیت کو دبانے کی کوشش کررہاہے ،گزشتہ چند دنوں سے مقبوضہ وادی کے اندر جو حالات برپا ہیں انسانیت اس پر شرما گئی ہے ۔

کشمیرکے بارے میں یہ تاثر پیدا ہورہا ہے کہ یہ کوئی باہمی تنازعہ ہے حالانکہ ایسا نہیں، کشمیربین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس پر قراردادیں ہیں۔ یہ ہمارا حق ہے ہم حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے اس کیلئے ہمیں اقوام متحدہ کا چارٹر اجازت دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر کے قائدین کو یقین دلاتا ہے کہ آزادکشمیر کی ساری سیاسی جماعتیں ، پاکستانی وکشمیر عوام ان کی پشت پرہیں۔

ملت اسلامیہ اور پاکستان ہمارے ساتھ ہے ،یہاں اکھٹے ہونے کا مقصد تمام سیاسی قوتوں کی مشاورت کے ساتھ آگے بڑھنے کا لائحہ عمل طے کرنا ہے ۔کشمیر کے معاملے پر ہم میں کوئی اختلاف نہیں نہ ہی سیاسی مخالفت ہے جس کا ثبوت ہے کہ آج یہاں ساری سیاسی جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے ۔ حکومت پاکستان ، پاکستانی عوام اور ساری سیاسی جماعتوں کے شکرگزار ہیں کہ کل سب نے ملکر نے اپنے بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس اہم معاملے پر آزادکشمیر کی ساری سیاسی جماعتوں نے اتفاق و اتحاد اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔ اکابرین حریت کانفرنس کا شکرگزار ہوں ،حریت قائدین کی جانب سے دی جانے والی ہر کال کی حمایت کرتے ہیں اور حریت قائدین سے رہنمائی کے طلبگار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزادکشمیر نے اپنی میزبانی میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آل پارٹیز کانفرنس میں صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعودخان، سپیکر شاہ غلام قادر،پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر، تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر خواجہ فاروق احمد، سابق صدور راجہ ذوالقرنین خان اور سردار محمد انورخان، سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمدمنہاس، ،جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر خالد محمود، لبریشن لیگ کے صدر عبدالمجیدملک، مسلم کانفرنس کے رہنماء سید مرتضیٰ گیلانی اور دیوان علی خان چغتائی، جماعت اسلامی کے رہنما عبدالرشید ترابی، جعفریہ سپریم کونسل کے چیئرمین سید شبیر بخاری، حریت رہنما غلام محمد صفی،سید فیض نقشبندی، محمد رفیق ڈار، پی پی کے سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور اور سردار جاوید ایوب، جمعیت علماء اسلام کے قاضی محمود الحسن اشرف ،مولانا امتیاز صدیقی سیکرٹری جنرل جمیعت علما پاکستان آزادکشمیر، جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے رہنما آصف گیلانی، وائس چیئرمین آزادجموں وکشمیر بار کونسل چوہدری شوکت عزیز ایڈووکیٹ، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری شبیر احمد ایڈووکیٹ، صدر سینٹر ل بار مقبول الرحمان عباسی، وائس چیئرمین پریس فائونڈیشن سردار ذوالفقار علی، مسلم کانفرنس کے رہنما راجہ ثاقب مجید، سیکرٹری جنرل لبریشن لیگ خواجہ منظور قادر ڈار، ناظم اعلیٰ جمعیت اہل حدیث دانیال شہاب مدنی، جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالمالک، نائب امیر جے یو آئی آزادکشمیر مولانا سعید خان، جے کے پی پی کے رہنما اجمل مغل، سیکرٹری جنرل جے یو آئی آزادکشمیر مولانا امتیا ز احمد عباسی ، قاضی شاہد حمید ، قاری محمد افضل خان، حریت رہنمامظفر شاہ ،نذیر احمد، سید منظور احمد ، امتیازوانی ، عبدالمجید میر، مشتا ق الاسلام نے شرکت کی۔