گرفتاریوں سے کشمیریوں کو حق خودارادیت کے حصول کے لیے جد و جہد سے روکا نہیں جاسکتا‘ فریڈم پارٹی

اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں قتل وغارت روکنے کے لیے بھارت پر دبائوڈالے‘ پیپلز فریڈم لیگ،نیشنل فرنٹ

ہفتہ 7 اپریل 2018 21:19

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میںڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھارتی فورسز کی طرف سے وادی کشمیر کے طول وعرض میںبالعموم اور ضلع بڈگام میں بالخصوص گرفتاریوں کا نیا سلسلہ شروع کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف مختلف بہانوں سے ہمارے نوجوانوں کا قتل عام جاری ہے اور دوسری طرف اُنہیں ظلم و بر بریت کیخلاف آواز اٹھانے پر سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جارہا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ضلع بڈگام کے علاقے اُومپورہ میں شبانہ چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان چھاپوں کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے جس کی وجہ سے گرفتارنوجوانوںکے والدین شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ گرفتاریوں کا تازہ سلسلہ انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی پامالیوں کیخلاف اٹھنے والی آوازوں کو خاموش کرانے کیلئے شروع کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے نوجوانوں مزید مشتعل ہورہے ہیں ۔ انہو ں نے وادی کے دیگر علاقوں میں بھارتی فورسز کی طرف سے نوجوانوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے اوران پامالیوں کے خلاف کشمیری عوام کا اپنی آواز بلندکرنافطری عمل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گرفتاریوں سے کشمیریوں کو حق خودارادیت کے حصول کے لیے جد و جہد سے روکا نہیں جاسکتا جس کا وعدہ ان سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نواجوان مصور احمد وانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔دریں اثناء پیپلز فریڈم لیگ اور جموںوکشمیر نیشنل فرنٹ نے بھی وادی کشمیر کے طول وعرض میں نوجوانوں کی گرفتاریوں کا نیا سلسلہ شروع کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے ایک بیان میں شہید مصور احمد وانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قتل وغارت اور پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال روکنے کے لیے بھارت پر دبائوڈالے۔

جموںوکشمیرنیشنل فرنٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوامی تحریکوں کو جتنازیادہ دبانے کی کوشش کی جاتی ہیں یہ اتنا ہی اُبھرتی ہیں۔ انہوںنے وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طالب علموں کیخلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال اور اُنہیں بزور طاقت خاموش کرانے سے واضح ہوجاتا ہے کہ مقبوضہ علاقے میںجمہوری اصولوں کو بالائے طاق رکھا گیا ہے۔

انہوں نے شوپیان، اسلام آؓباد، کولگام، پلوامہ، کپوارہ،، بارہمولہ، سوپور اور سرینگر میں نوجوانوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے سامراجی ہتھکنڈے آزادی پسند عوام کے حوصلے نہیں توڑ سکتے ۔غیر قانونی طو پر نظر بند حریت رہنما اور جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبربٹ نے پارٹی کارکنوں سکندر، عبدالرشیداور فیاض احمدکی گرفتاری اور بیروہ تھانے میں انہیں نظر بند کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوںنے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ضلع بارہ مولہ کے علاقے پلہالن اور دیگر علاقوں سے بھی بیگناہ کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جمعہ کے روز پلوامہ میںشہید ہونے والے نوجوان مصور احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے ۔

ظفر اکبربٹ کی ہدایت پر منظور احمد خان، ارشاد احمد پر مشتمل سالویشن موومنٹ کا وفد شہید نوجوان کی نمازجنازہ میں شرکت اور انکے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پلوامہ گیا۔ دریں اثنا سالویشن موئومنٹ کے ترجمان نے پارٹی چیئرمین ظفر اکبر بٹ ، غازی جاوید اور دیگر کی غیر قانونی نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :