صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان کی وفاقی وزیر امور کشمیر رجیس طاہر سے ملاقات

خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال خصوصاً مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور نہتے کشمیریوں کو شہید کرنے کے واقعات زیر غور آئے

منگل 10 اپریل 2018 21:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2018ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر سے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال خصوصاً مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے حالیہ ریاستی دہشت گردی اور نہتے کشمیریوں کو شہید کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات زیر غور آئے ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے مقبوضہ کشمیر قابض میں بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کسی صورت میں کشمیریوں میں حق خود ارادیت کے جذبے کو ختم نہیں کر سکتے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کشمیر میں ہرقسم کے ظالمانہ ہتھکنڈے آزماچکاہے اور ان ہتھکنڈوں کی وجہ سے کشمیریوں کی بھارت سے نفرت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور اُن کی حق خود ارادیت کی یہ جدوجہد ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان کشمیر کی ہر گلی اورچوراہے پر "بھارت کشمیر سے نکل جا -"کے نعرے بلند کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارت پچھلے ستر سالوں میں کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھانے کے باوجود اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم اپنے نہتے کشمیری بھائیوںکے ساتھ ہیں جو ایل اوسی کے دونوں اطراف بھارتی جارحیت کا عزم سے سامنا کر رہے ہیں انہوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ پرتشدد واقعات کے خلاف پاکستان اپنی بھرپور آواز بلند کر رہا ہے اور دُنیا کے تمام فورمز پر بھارتی بد نما چہرہ بے نقاب کیا جارہا ہے ۔

اس موقع پر آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اٹھانے پر وفاقی حکومت کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ بھارت کی جانب سے لاکھوں کشمیریوں کو شہید کرنے کے باوجود آج کشمیری نوجوان اپنے حق خود ارادیت کے لیے اپنے آباواجداد سے بھی بڑھ کر پرُ عزم ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے ماورائے عدالت قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ عالمی برادری کو بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کا فوراً نوٹس لینا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کے اس عزم اور لازوال قربانیوں کے باعث وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا اور وہ اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کے قابل بن سکیں گے۔وفاقی وزیر نے وفاقی حکومت کی جانب سے اس عزم کی بھی تجدید کی کہ پاکستان تمام ترحالات میں اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی سفارتی و اخلاقی حمایت اُس وقت تک جاری رکھے گا جب تک اُن کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت نہیں مل جاتا۔۔۔۔۔۔۔راٹھور

متعلقہ عنوان :