کراچی میں مافیا کی ایٹمی سائنسدان کی زمین پر قبضے کی کوشش،

سندھ ہائیکورٹ کا سبط مرتضی کو ہراساں نہ کرنے کا حکم

پیر 16 اپریل 2018 13:02

کراچی میں مافیا کی ایٹمی سائنسدان کی زمین پر قبضے کی کوشش،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) شہر قائد میں مافیا نے معروف ایٹمی سائنسدان کو بھی نہ بخشا اور قوم کے محسن کی زمین پر بھی قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے۔سندھ ہائی کورٹ میں نیوکلیئر پاور پلانٹ میں ڈاکٹر عبدالقدیر کی ٹیم کے رکن اور سائنسدان سبط مرتضی کو ہراساں کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سبط مرتضی نے سیکرٹری قانون، سیکرٹری کوآپریٹو اور ایڈمنسٹریٹر سوسائٹیز کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے 2 مئی تک جواب طلب کرلیا۔عدالت نے درخواست گزار کو ہراساں نہ کرنے اور گھر کی لیز منسوخی کی کارروائی روکنے کا حکم دیا۔درخواست گزار سائنس دان سبطِ مرتضی نے بتایا کہ انہوں نے 1998 میں سوسائٹی میں پلاٹ خریدا جس پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر نے قبضہ مافیا سے مل کر 50 لاکھ روپے رشوت طلب کی ہے، رقم نہ دینے کی صورت میں پلاٹ پر قبضہ کرنے کی دھمکی دی گئی ہے، سبطِ مرتضی سائنسدان اور ضعیف العمر شہری ہیں، سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر انہیں فون پر دھمکیاں اور بلیک میل کررہے ہیں۔