اساتذہ ملک و قوم کے معمار ہیں، ڈپٹی کمشنر رانا اکبر حیات

بدھ 18 اپریل 2018 19:43

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا ہے کہ اساتذہ معاشرے میں اہم مقام رکھتے ہیں اور ملک و قوم کے معمار ہیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ پائلٹ سکول اٹک میں ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سلیم شہزاد، سی ای او ایجوکیشن نثار احمد میو،ڈی او سکینڈری راجہ امجد اقبال،ڈی ایم او اٹک محمد فاروق قمر اور پرنسپل پائلٹ سکول شیخ آصف صدیقی کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

تقریب میں نئے بھرتی ہونے والے 352 اساتذہ میں تربیت مکمل کرنے پر اسناد تقسیم کی گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا کہ نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ پوری لگن اور محنت سے کام کریں اور طلباء و طالبات کا مستقبل سنواریں جن میں اس ملک کا مستقبل پنہاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم اٹک نے گذشتہ عرصوں میں ریکارڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کی وجہ سے صوبہ بھر میں ضلع اٹک کی پوزیشن بہتر ہوئی ہے اور اب اس کا شمار تعلیمی لحاظ سے پہلے چار بہترین ضلعوں میں ہوتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا کہ حکومت پنجاب نے تعلیم اور صحت کے شعبے میں ریکارڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کو بین الاقوامی سطع پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دو سالوں میں ضلع اٹک کے تما م محکموں میں بھرتیاں مکمل میرٹ پر ہوئیں ہیں اور یہ پالیسی آیئندہ بھی جاری رہے گی۔ سی ای او ایجوکیشن نثار احمد میو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کو خالص میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا گیا ہے اور ان سے امید کی جا تی ہے کہ یہ اساتذہ پوری دیانتداری اور ایمانداری سے کام کریں گے اور طلباء وطالبات کی مجموعی کارکردگی بہتر سے بہتر بناتے ہوئے ضلع اٹک کا نام روشن کریں گے۔

سیئنیر نائب صدر پی ایم ایل(ن)سلیم شہزادنے کہاکہ موجودہ ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے ضلع کی ترقی کے لیے بے شمار اقدامات اٹھائے جس سے ہر شعبہ میں نمایاں ترقی ہوئی۔نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پوری لگن اور محنت کے ساتھ اپنے فرائض منصبی انجام دیں گے اور ضلع اٹک کو تعلیمی لحاظ سے نہ صرف صوبہ پنجاب بلکہ پاکستان کا نمبر ایک ضلع بنائیں گے۔