ننھی آصفہ کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی برطانیہ آمد پر احتجاجی مظاہرے

بدھ 18 اپریل 2018 20:36

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی برطانیہ آمد پر لندن میں مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کے مظالم اور ننھی آصفہ کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔دولت مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے برطانیہ پہنچنے پر لندن کی ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

لندن میں پارلیمنٹ کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف اور زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 8 سالہ بچی آصفہ کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے شدید نعرے بازی کی۔احتجاجی مظاہرہ برطانیہ کی سکھ برادری اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے کیا گیا جس کے دوران شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ہی بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں 17 سے زائد نوجوانوں کو شہید کیا تھا جس کے بعد وادی میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔