موٹر وے کے اطراف میں گندم کا بھوسہ جلانے پر پابندی عائد

جمعرات 19 اپریل 2018 14:22

فیصل آباد۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) فیصل آباد تا پنڈی بھٹیاں موٹر وے ایم تھری اور پنڈی بھٹیاں تا لاہور موٹر وے ایم ٹو کے اطراف میں 220گز سے کم فاصلہ پر گندم کا بھوسہ جلانے پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کی درخواست پر حکومت پنجاب نے مذکورہ اضلاع کے ڈی سیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مذکورہ علاقوں میں کاشتکاروں کو گندم کا بھوسہ جلانے سے گریز کی ہدایت کریں تاکہ تیز ہوائوں کے باعث دھواں موٹر وے پر آنے اور وزیبلٹی کم ہونے کے باعث حادثات کا احتمال نہ رہے۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سلمان غنی کی جانب سے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت حکمنامہ جاری کیاگیاہے جس میں کہاگیاہے کہ موٹر ویز کے اطراف 220گز کے فاصلے تک زمیندار ، کاشتکار ، کسان گندم کا بھوسہ جلانے یاناڑ کو آگ لگانے سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف حسب ضابطہ سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور بعد ازاں کوئی عذر قابل قبول نہیں ہوگا۔