بھارت ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا، مسرت عالم

جمعرات 19 اپریل 2018 18:12

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند سینئر رہنماء مسرت عالم بٹ نے کہاہے کہ بھارت غیر قانونی نظر بندیوں، گرفتاریوں ، خوف و ہراس اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ا نہوںنے ان خیالات کااظہار جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوںنے کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن سرینگر میں ان سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

مسرت عالم بٹ کو ایک مقدمے کی سماعت کیلئے جموںکی کوٹ بھلوال جیل سے سرینگر لایا گیا تھا۔ سماعت کے بعد انہیں واپس کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیا گیا۔بھارتی پولیس نے حریت رہنمائوں مختار احمد وازہ اور قاضی یاسر کو اسلام آباد قصبے میں گرفتار کرلیا۔ سرینگر میں جموںوکشمیر مسلم لیگ کے ایک اجلاس میں عبدالاحد پرہ کو پارٹی کا قائم مقام چیئرمین منتخب کرلیاگیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے ذریعے حل کیاجاسکتا ہے ۔