پنجاب کے مختلف شہروں سمیت بالائی علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ،ْ بلوچستان میں سردی بڑھ گئی

خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ اور ژالہ باری کا بھی امکان

جمعہ 20 اپریل 2018 15:50

اسلام آباد/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں سمیت بالائی علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ،ْ کوئٹہ شہر کے گرد و نواح میں پہاڑوں پر برفباری کے بعد سردی بڑھ گئی ،ْآئندہ 24 گھنٹے تک سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ،ْ لاہور ،ْملتان اور ساہیوال سمیت پنجاب کے مختلف حصوں اور بالائی خیبر پختونخوا میں بارش ہوئی ،ْ چمن اور زیارت سمیت شمالی بلوچستان میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس کے بعد علاقے میں سردی بڑھ گئی ،ْکوئٹہ شہر کے گرد و نواح میں پہاڑوں پر گزشتہ رات برفباری ہوئی ،ْ وادی ہنہ اور اوڑک کے پہاڑی سلسلے میں بھی برف پڑی، پہاڑوں پر برفباری اور بارش کے بعد شہر کا موسم سرد ہوگیا اور آئندہ 24 گھنٹے تک سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے راولپنڈی اور پشاور میں آندھی اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے ،ْ فیصل آباد، گوجرانوالہ، کوہاٹ، مری اور مالاکنڈ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔