قوم کوعلامہ اقبال کے اسلامی پاکستان کی ضرورت ہے، پیر اعجاز ہاشمی

سودی معیشت ، فرقہ واریت سے نجات حاصل نہیں کی جاسکی، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے 80 ویں یوم وفات پر پیغام

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2018ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ قوم کو مغربی ثقافت والے نئے نہیں، علامہ اقبال کے اسلامی اور مشرقی روایات کے حامل پاکستان کی ضرورت ہے۔جس کی طرف ابھی تک کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔ لوٹ کھسوٹ ، اقربا پروری، سودی معیشت ، دہشت گردی اور فرقہ واریت جیسی معاشرتی بیماریوں سے نجات حاصل نہیں کی جاسکی۔

ایسے پاکستان کا اقبال نے خواب نہیں دیکھا تھا۔مصور پاکستان علامہ محمد اقبال کے 80 ویں یوم وفات پر اپنے پیغام میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال اسلامی جمہوریت ، اتحاد امت اور قوم کے اندر خودی کے جذبے کے لئے کوشاں رہے۔ مگر آج ہم ایسے پاکستان میں رہتے ہیں کہ جہاں غریب ، غریب سے غریب تر اور امیر،امیر سے امیر تر ہوتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

غریبوں کے حقوق کے تحفظ کا ہر آنے والے حکومت دعویٰ تو کرتی ہے مگرملک میں انسانی حقوق تک بھی نہیں دیئے گئے۔اداروں کے درمیان ٹکراو ایک عرصے سے جاری ہے۔ کسی نے حالات کو سنبھالا دینے کی کوشش نہیں کی۔ کہنے کو ملک اسلامی جمہوریہ ہے ، مگر اسے حقیقی پاکستان ہم بنا نہیں سکے۔ جس کی آئین نے ضمانت دی ہے۔ اب بھی ووٹ کے تقدس کو نہیں پہچانا گیا۔ ملکی دولت اور ا قتدار چند ہاتھوں میں قید ہوکر رہ گیا ہے۔ عوامی نمائندگی کے دعوے کئے جاتے ہیں مگر کوئی غریب آدمی یونین کونسل کے الیکشن میں بھی حصہ لینے کی ہمت نہیں رکھتا۔