حیدرآباد، وفاقی حکومت کے کئی ادارے سندھ حکومت کے نادہندہ ہیں،عاجزدھامراہ

اب شہباز شریف کو بڑی جلدی جلدی سندھ یاد آرہا ہے ، شہباز شریف کراچی میں بیٹھ کر جواب دیں کہ آپ کی حکومت سیاسی و انتقامی کارروائیاں کررہی ہے،پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات کی پریس کانفرنس

اتوار 22 اپریل 2018 20:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات و سابقہ سینیٹر عاجزدھامراہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے کئی ادارے سندھ حکومت کے نادہندہ ہیں ۔ اب شہباز شریف کو بڑی جلدی جلدی سندھ یاد آرہا ہے ، شہباز شریف کراچی میں بیٹھ کر جواب دیں کہ آپ کی حکومت سیاسی و انتقامی کارروائیاں کررہی ہے۔ وہ حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ سندھ میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ وفاقی حکومت ڈھٹائی سے کہہ رہی ہے کہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا کردیا ، نااہل وفاقی حکومت نے اپنے انتخابی نعروں میں لوڈشیڈنگ ختم تو کردی ہے لیکن عملاً لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت سندھ کے عوام سے انتخابات میں اپنی شکست کا بدلہ لے رہی ہے ، ملک بھر میں کہیں بھی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہیں ہوا، بجلی کے معاملے پر خود میں نے سینیٹ میں بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا تھا، عابد شیر علی کے حلقے میں زیرو لوڈشیڈنگ جبکہ باقی پنجاب و سند ھ میں 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بجلی کا معاملہ حکومتی پالیسی کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ہم مانتے ہیں کہ پاور سیکٹر اس طر ح ترقی نہیں کرسکا جس طرح ترقی کرنی چاہئے تھی ، ہم سے بھی سوال پوچھے جاتے ہیں کہ پیپلزپارٹی نے پاور سیکٹر پر کیا کام کیا ، ہم نے کے ٹی بندر میں بجلی کی پیداواری منصوبے شروع کئے ، چائنا نے سی پیک میں شرط رکھی تھی کہ اگر پاور سیکٹر پر کام نہ ہوا تو معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے، تھر میں بجلی کی پیداواری منصوبے پر بھی چائنا کے تعاون سے کام ہورہا ہے، انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا کرے محض دعوے نہ کرے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم جھوٹ بول رہے ہیں کہ ان کے ماتحت محکموں سے کہا جاتا ہے کہ سندھ بلوں کی ادائیگی نہیںکررہا جبکہ بجلی کے پولز ، فیڈرز اور دیگر انفراسٹرکچر کی سندھ حکومت ادائیگی کرتی ہے ۔ واپڈا کی غلط حکمت عملی کے باعث غلط بل بھیجے جاتے ہیں، ڈیڈکشن اور اُوور بلنگ کے معاملے پر لوگوں میں سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے، انہوں نے کہاکہ بجلی کے وزیر اویس لغاری کو لوگوں کے ساتھ کی جانے والی زیادتی کیوں نظر نہیں آتیں۔