نوجوانوں کوبھی کرپشن کے منفی پہلوئوں اور خطرناک نتائج کے بابت آگاہی دینی چاہیے ،الطاف باوانی

کرپشن ملک کیلئے بہت تباہ کن ہے۔اس سلسلے میں اساتذہ پر تمام زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے،ڈی جی نیب کراچی کا تقریب سے خطاب

منگل 24 اپریل 2018 15:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) قومی احتساب بیورو(نیب)کراچی کے ڈائریکٹر محمد الطاف باوانی نے کہاہے کہ عام لوگوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کوبھی کرپشن کے منفی پہلوئوں اور خطرناک نتائج کے بابت آگاہی دینی چاہیئے، کیونکہ کرپشن ملک کیلئے بہت تباہ کن ہے۔اس سلسلے میں اساتذہ پر تمام زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے خاص مضامین پڑھانے کے ساتھ طالبعلموں کوکردار اور اخلاقیات کی بھی تعلیم دیں کیونکہ مستقبل میں ان کو ہی ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس ایم آئی یو کے سر شاہنواز بھٹو آڈیٹوریم میں طالبعلموں کیلئے قائم کردہ کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے قیام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔افتتاحی تقریب سے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی نیب کراچی نے طالبات کو مخاطب ہوکر کہا کہ وہ کرپشن کیخلاف چلنے والے جہاد میں ان کا ساتھ دیں، کوئی بہن اپنے بھائی کو اور بیٹی اپنے والد کو سمجھاسکتی ہے کہ وہ کرپشن میں ملوث ہونے سے اجتناب کریں۔

اس لئے کرپشن کے خاتمے کیلئے خواتین کا کردار بہت اہم ہے۔ مائیں اپنے بچوں کی بھی صحیح تربیت کرسکتی ہیں۔اس موقع پر سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح برصغیر میں اخلاقیات اور کردار میں ایک عظیم مثالی شخصیت کے حامل تھے، جس کی وجہ سے ان کے سیاسی مخالف بھی انکی تعریف کرتے تھے، اس لیے یہ ادارہ اپنے قیام 1885 سے معیاری تعلیم کیساتھ طالبعلموں کی اخلاقی تربیت پر بھی خاص توجہ دینے کی روایت رکھتا ہے ۔

ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ کرپشن ملک کی ترقی میں بہت بڑی رکاوٹ ہے، جس کو ہر سطح پر ختم کرنا ہوگا، سندھ مدرسہ کے اساتذہ اپنی اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے طالبعلموں کی کردار سازی کیلئے ان کی اخلاقی تربیت کررہے ہیں، جو کہ مستقبل میں اس ملک کی ترقی ایک بنیاد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیب کرپشن کے خاتمے کیلئے بہترین کام کررہی ہے، لیکن ملک کی عوام کو بھی کرپشن کے خاتمے کیلئے ان کا ساتھ دینا چاہیئے، کیونکہ کرپشن کا خاتمہ ہی ملکی ترقی اور تعمیر کیلئے بہت ضروری ہے۔

قبل ازیں کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کی سرپرست اعلیٰ سیدہ رخشندہ کوکب نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ ایس ایم آئی یو کی کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے صدر اور میڈیا اسٹڈیز اینڈ کمیونیکیشن کے طالبعلم عبد الباری منگی نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے نیب کے ڈائریکٹر جنرل محترم محمد الطاف باوانی کو سندھ مدرسہ یونیورسٹی کی شیلڈ اور قائد اعظم محمد علی جناح کی حیات پر انکی لکھی گئی کتاب اور جامعہ کے مطلق دیگر تحریری مواد پیش کیا۔

جبکہ ڈی جی نیب نے بھی ڈاکٹر محمد علی شیخ کو شیلڈ پیش کی ۔اس موقع پر ڈینز، چیئرپرسنز، اساتذہ، انتظامی افسران اور طالبعلموں کی بہت بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب سندھ نے ایس ایم آئی یو کے جناح میوزم کا بھی دورہ کیا۔