کراچی،روس پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتا ہے،وائس گورنر سینٹ پیٹرز برگ

اس مو قع پر پیڈیاٹرک میڈیکل یونیورسٹی آف سینٹ پیٹرز برگ اور سندھ کی ضیاء الدین میڈیکل یونیورسٹی کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر روسی یونیورسٹی کے ریکٹر ایوانوف دیمتری اولیگووچ اور ضیاء الدین یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین نے دستخط کئے ْ اس مقصد کے لئے کاروباری،تجارتی اور دیگر تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، کاروبار کے فروغ کے لئے بینکنگ چینل کے قیام کی ضرورت سے اتفاق کرتے ہیں،سندھ سینٹ پیٹرز برگ بزنس فورم 2018 " میں تقریب سے روسی گورنر کا خطاب

جمعرات 26 اپریل 2018 22:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2018ء) سندھ انویسٹمنٹ بورڈ کے زیر اہتمام "سندھ سینٹ پیٹرز برگ بزنس فورم 2018 " میں پیڈیاٹرک میڈیکل یونیورسٹی آف سینٹ پیٹرز برگ اور سندھ کی ضیاء الدین میڈیکل یونیورسٹی کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر روسی یونیورسٹی کے ریکٹر ایوانوف دیمتری اولیگووچ Ivanov Demitry Olegovichاور ضیاء الدین یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین نے دستخط کئے۔

اس موقع پر وائس گورنر سینٹ پیٹرز برگ مووخن سرگئی نکولائی وچ H.E.Movchan Sergei Nikolaevich نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لئے کاروباری،تجارتی اور دیگر تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کاروبار کے فروغ کے لئے بینکنگ چینل کے قیام کی ضرورت سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ ماسکو اور اسلام آباد کو اس مقصد کے لئے باہمی گفت و شنید کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ روسی سرزمین خوبصورت ثقافتوں اور تصورات و ایجادات کی سرزمین ہے۔دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ روسیوں نے میڈیکل ٹیکنالوجی میں بھی شاندار ترقی کی ہے۔حکومت روس کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور پائیدار تعلقات کی خواہاں ہے۔صوبائی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی سعید غنی نے کہا کہ روس خطے کی بہت تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت ہے،حکومت روس کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے اور سفارتی و دیگر شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لئے تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے ۔

ا نہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئر مین شہید زوالفقار علی بھٹو نے روس کے ساتھ تعلقات کے ایک خوشگوار دورکا آغاز کیا جسے ان کے بعد ڈکٹیٹر ضیاالحق جس نے اقتدار پرناجائز قبضہ کیاتھانے نقصان پہنچایا۔چیئر مین سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن نے کہا کہ حکومت روس کے ساتھ تعلقات کا اعادہ Revival چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ ہمارے تعلقات کی ایک تاریخ ہے حکومت ان تعلقات میں مزید بہتری اور گرمجوشی لانے کے لئے کوشاں ہے۔

اس موقع پر مختلف روسی کمپنیوں کے عہدیداروں نے اپنی مصنوعات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جبکہ پاکستانی کاروباری انجمنوں کے عہدیداران نے روسی وفد سے سوالات کئے جن کے روسی وفد کے ارکان نے مفصل جوابات دیئے۔اس موقع پر کراچی میں روس کے قونصل جنرل H.E.Aleksandr Khozin اور روسی قونصل خانے کے دیگر افسران،جبکہ ایڈیشنل چیف سیکٹریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سندھ محمد حسین سید،سندھ کے سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز،سیکریٹری صنعت اعجاز احمد مہیسر،مختلف محکموں کے افسران اور پاکستانی تجارتی و کاروباری انجنوں کے عہدیداران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔#