ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کی جانب سے مدینہ مارکیٹ میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے داخلے پر دفعہ 144کے احکامات ہوائی نکلنے

جمعہ 27 اپریل 2018 13:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کی جانب سے مدینہ مارکیٹ میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے داخلے پر دفعہ 144کے احکامات ہوائی نکلنے ! مدینہ مارکیٹ میں موٹر سائیکلوں کے علاوہ شوقین نوجوانوں کے موٹرسائیکلوں پر گلی گلی آوازیں کسنے ، ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے ، شاپنگ کرنے والی خواتین ، مرد اور بچوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، نہ ہی پولیس کنٹرول کرسکی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمن کی جانب سے مدینہ مارکیٹ میں داخل ہونے والے موٹر سائیکل اور گاڑیوں پر پابندی عائد کردی گئی تھی جس کو تاجروں اور عام شہریوں نے مسترد کرتے ہوئے مدینہ مارکیٹ میں موٹرسائیکلوں کو دھنددھناتے پھر رہے ہیں وہاں گاڑیاں بھی بازار میں داخل ہوکر جگہ جگہ ٹریفک جام کررہی ہے ، جس کے باعث خواتین ، بوڑھے اور عام شہری کو چلنے میں بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، وہاں شدید گرمی میں گھنٹوں گھنٹوں ٹریفک جام رہنے سے گرمی کے باعث بری حالت ہے وہاں عوام کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد دفعہ 144کا نفاذ تو اپنے ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر کردیتے ہیں جبکہ اُس پر عملدرآمد کروانا بھی اُن کا کام ہے ، مدینہ مارکیٹ میں مکمل طور پر پابندی عائد کرکے پولیس کو تعینات کیا جائے جبکہ مدینہ مارکیٹ کے بعض تاجروں کا کہنا ہے کہ ہم دو ر دراز کے علاقوں سے اپنی اپنی دکانوں میں آتے ہیں وہاں موٹر سائیکل اگر مدینہ مارکیٹ سے باہر چھوڑ دیں تو وہاں پر چوری ہونے کا خطرہ رہتا ہے اِس لئے ہم موٹر سائیکل اندر لے کر آتے ہیں ، یہ ضلعی انتظامیہ ہے کہ وہ پارکنگ کیلئے وہ جگہ فراہم کریں جہاں چوری ڈکیتی کا خطرہ نہ ہو۔