بلاول ہائوس اوربنی گالہ ہم پیالہ ہم نوالہ بن چکے، شہباز شریف

ہم نے صرف لاہور نہیں پورے پنجاب میں ہسپتالوں کا جال بچھا دیا ہے ،آصف زرداری نے کراچی کو کرچی اورعمران نیازی نے پشاور کو قصہ خوانی بازار بنادیا،الزام خان نے کے پی کے میں ایک بھی ہسپتال نہیں بنایا:وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 27 اپریل 2018 20:19

بلاول ہائوس اوربنی گالہ ہم پیالہ ہم نوالہ بن چکے، شہباز شریف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدراوروزیراعلیٰ پنجاب میاں محمدشہبازشریف نے کاہنہ میں 35کنال سے زائد رقبہ پرمحیط،55کروڑسے زائد خطیررقم کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سوبستروں پرمشتمل ٹی ایچ کیو ہسپتال کاہنہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی اورپاکستان تحریک انصاف کی قیادت کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ آصف زرداری اورعمران نیازی مل چکے ہیں،بلاول ہاوس اور بنی گالہ ہم پیالہ، ہم نوالہ بن چکے ہیں ۔

پیپلز پارٹی ہو یا پی ٹی آئی دونوں عوامی فلاح کے منصوبوں سے جلتے ہیں۔آصف زرداری نے کراچی کو کرچی اورعمران نیازی نے پشاور کو قصہ خوانی بازار بنادیا ۔نیازی صاحب کہتے ہیں کے پی کے کا حال بدل دیا جبکہ پشاور میں 5 سال کے دوران ایک بھی نیا ہسپتال نہیں بنایا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف لاہورنہیںپورے پنجاب میں ہسپتالوں کا جال بچھا دیا ہے ،پنجاب میں کرپشن کو گلے سے پکڑا،پنجاب کے ہسپتالوں میں خواتین،بچوں اوربوڑھوں کا بہترین علاج کیا جا رہا ہے جبکہ میوہسپتال کے سرجیکل ٹاورمیں یورپ کی طرح ہر قسم کی طبی سہولت دستیاب ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ نیب اوردوسرے ادارے کھوج لگائیں،عوام کو گواہ بناکر کہتا ہوں کہ کرپشن ثابت ہوگئی تو میرا گریبان اورعوام کا ہاتھ ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد نوازشریف تقریب میں شرکت کیلئے کاہنہ پہنچے تو،رانامبشر اقبال،طلحہ برکی،ڈپٹی میئرلاہوررائوشہاب الدین،چیئرمین کاہنہ حاجی بشارت رحمانی،وائس چیئرمین ارشد رضاایڈووکیٹ،اُمیدوارپی پی170اصغرمجید(گجومتہ)ملک خالد فاروق کھوکھر،حاجی عرفان،ملک جاویداقبال،شفیق مغل،عبدالواحد آرھتی ،ندیم ثاقب بٹ،ذولفقارقریشی،اکرام رحمانی ،آصف رحمانی،سمیت ن لیگی کارکنان کی بڑی تعدادنے اُن کاپرتپاک استقبال کیا۔

میاں محمد شہبازشریف نے مزید کہاکہ نوازشریف کی لیڈرشپ میں لوڈشیڈنگ میں کمی آئی ،کراچی گیا تو وہاں کے عوام نے کہا نہ پانی ہے نہ بجلی۔زرداری اورنیازی نے کراچی کو کرچی، پشاور کو قصہ خوانی بازار بنا دیا۔ مخالفین نے اورنج لائن ٹرین کو روکنے کی کوشش کی۔لاہوروالو! الیکشن2018ء میںترقی کاراستہ روکنے والوں سے بدلہ لینے کا وقت آگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام کو بدلنے کیلئے اپنی صحت بھی داؤ پر لگا دی،میری صحت بگڑتی ہے توبگڑجائے عوام کی صحت نہیں بگڑنی چاہیے۔

قوم فیصلہ کریگی کون دھرنا اور تخریبی سیاست کرنیوالے ہیں اور کون کراچی کو کرچی کرچی کرنیوالے۔ یوٹرن کے بادشاہ ،الزام خان کہتے ہیں کے پی کی حالت بدل دی لیکن پشاور میں 5 سال میں ایک بھی نیا ہسپتال نہیں بنا۔انہوں نے کہا پورے پنجاب میں ہسپتالوں کا جال بچھادیا ہے، اب مریض کہیں دور جانے کے بجائے اپنے علاقے میں علاج کر اسکیں گے جس کی ہمارے مخالفین کو تکلیف ہو رہی ہے۔عوام کودوہزاراٹھارہ کے الیکشن میں ووٹ کی طاقت سے ان سے بدلہ لینا ہے۔صوبائی وزیرپرائمری ایند سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیرنے بھی تقریب سے خطاب کیا۔