وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کی زیر صدارت این اے 129 میں کارکنوں کا مشاورتی اجلاس

آئندہ الیکشن میں پارٹی کی انتخابی مہم کے حوالے سے مختلف امور پر مشاورت لیگی کارکنوں کو انتخابی مہم کے حوالے سے مختلف ہدایات جاری

اتوار 29 اپریل 2018 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2018ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت لاہور کے حلقہ این اے 129 میں کارکنوں کا ایک مشاورتی اجلاس ہوا اجلاس میں لارڈ میئر بلدیہ عظمیٰ لاہور کرنل (ر)مبشر جاوید سمیت دیگر بلدیاتی نمائندوں سمیت مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمینوں نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اجلاس میں آئندہ الیکشن 2018ء کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کے حوالے سے مختلف امور پر مشاورت کی گئی بتایاگیا ہے کہ انفنٹری روڈ پر واقع فاروق ہال میں حلقہ این اے 129 میں ن لیگ کی سیاسی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا گیا اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے نے لیگی کارکنوں کو انتخابی مہم کے حوالے سے مختلف ہدایات دیں اور انہیں عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں جبکہ وفاقی وزیر ریلوے نے اجلاس میں خصوصی طور پر ہدایات جاری کیں کہ مسلم لیگ ن کے تمام ناراض کارکنوں کو فوری طور پرمنایا جائے اور ان سے ملاقات کر کے ان کے تحفظات دور کئے جائیں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی ہدایات ہیں کہ تمام رہنماء و کارکن فوری طور پر ناراض کارکنوں کو منانے کیلئے اپنی اپنی کوششیں شروع کریںواضح رہے کہ گزشتہ روز جاتی امراء میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس میں نواز شریف نے ناراض رہنمائوں و کارکنوں کو منانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کیں تھیں اور اس سلسلے میں دو اہم کمیٹیاں تشکیل دی تھیں جس کی سربراہی وزیراعلیٰ شہباز شریف اور ایم این اے حمزہ شہباز شریف کرینگے جو ناراض رہنمائوں و کارکنوں سے رابطہ کر کے انہیں منائیں گے اور ان کے تحفظات کو دور کرینگے۔

۔