پلوامہ میں مظاہرین پر بھارتی فوجیوں کی اندھادھند فائرنگ سے بارہ افراد زخمی

پیر 30 اپریل 2018 15:10

سرینگر30اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پلوامہ میں مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے کم سے کم بارہ مظاہرین کو زخمی کردیاہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج کی 55 راشٹریہ رائفلز اور سینٹرل ریزروپولیس فورس کے اہلکاروںکی طرف سے ضلع کے علاقے دربگام میں ہائرسیکنڈر ی سکول کے قریب تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران سینکڑوں مظاہرین پر اندھادھند فائرنگ میں بارہ نوجوان زخمی ہو گئے۔

بھارتی فوجیوںنے کارروائی کے دوران جنگی ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے ۔ اس سے قبل اسی علاقے میں ایک حملے میں ایک میجر سمیت بھارتی فوج کے دو اہلکار زخمی ہو گئے تھے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمی میجر اور فوجی کو بادامی باغ سرینگر میں 92 بیس ملٹری ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے ۔دربگام ممتاز مجاہد کمانڈر سمیر ٹائیگر کا آبائی علاقہ ہے ۔ادھر پلوامہ کے قصبے میں ہڑتال جارہی ہے ۔