سندھ حکومت مزدوروں کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی، بلدیہ فیکٹری کے شہداء کی قربانی کو زندہ رکھنے کے لئے انکی یادگار بنائی جائیگی،وزیر اعلیٰ سندھ

منگل 1 مئی 2018 20:37

سندھ حکومت مزدوروں کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی، بلدیہ فیکٹری ..
کراچی ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت مزدوروں کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گے، بلدیہ فیکٹری کے شہدا کی قربانی کو زندہ رکھنے کے لئے انکی یادگار بنائی جائیگی۔ یہ بات انہوں منگل کو یوم مئی کے موقع پر وزیراعلی ہائوس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ، سعید غنی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پہلے وزیراعظم تھے جنہوں نے جامع پالیسی دی مزدوروں کے حقوق سے متعلق اگر کوئی اہم پیش رفت کسی نے کی تو وہ پیپلز پارٹی نے کی ہے ہماری صنعتیں و ملازمین سوشل سکیورٹی کی یقینی بنائیں تو مزدور غریب نہیں رہیں گے اور انکے بچے اچھی تعلیم حاصل کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیہ فیکٹری کا سانحہ ہماری تاریخ کا بہت بھیانک واقعہ ہے ہم بلدیہ فیکٹری کے شہدا کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ فیکٹری کے شہدا کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھنے کے لئے ایک یادگار بنائی جائیگی۔ وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تک ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی علمبردار رہی ہے جسکی وجہ سے شہید بھٹو کا شہید محترمہ پر اور چیئرمین پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پر تنقید ہوتی رہی لیکن یہ جیالی حکومت تمام تنقیدوں کو نظرانداز کرکے اپنے مزدور بہن و بھائیوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔

انھوں نے کہا کہ جس طرح شہید بھٹو نے پاکستان کو پہلا آئین دے کر اس مملکت خداد کو ایک جدید پاکستان بنانے کی بنیاد ڈالی اسی طرح انھوں نے پہلی لیبر پالیسی کا اعلان 1972 میں کیا یہ شہید بھٹو کا کارنامہ تھا کہ انکی لیبر پالیسی کے ایسے اہم ستون رکھے جن میںورکرز ویلفیئر آرڈیننس ، ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹ ایکٹ،انڈسٹریل ریلشنز آرڈیننس شامل ہیں، انڈسٹریل رلیشنز قانون ایسا مراسلہ ہے جس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا تاکہ بغیر کسی اہم وجہ کے مزدور کو قانونی تقاضے پورے کرکے نوکری سے بے دخل نہیں کیا جاسکتا، اسکے علاوہ دیگر معاملات میں ادارے کے منافع میں حصہ دلایا، سالانا بونس کی بنیاد رکھی اور گروپ انشورنس اسکیمیں بھی متعارف کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ کے دور میں انھوں نے ان قوانین کو مزید بہتر کرکے چائلڈ لیبر(Child Labor) اور بانڈڈ لیبر (Bounded Labor) کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی ۔انھوں نے کہا کہ ہمارے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو کا بھی نعرہ روٹی، کپڑا اور مکان تھا جس کو ہم نے عملی جامہ پہنایا۔ تقریب سے سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر رضا ربانی، صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و محنت سید ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر اور رہنما پیپلزپارٹی سعید غنی کے علاوہ معروف تاجر رہنما سراج قاسم تیلی اور چیئرمین ایمپلائرز ایسوسی ایشن مجید عزیز نے بھی خطاب کیا۔