ہیوی سپیڈبریکرز کی بھرمار، مظفرآباد تا چکوٹھی شاہراہ سرینگر پر گاڑیاں کھٹارہ بن گئیں

بدھ 2 مئی 2018 16:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 مئی2018ء) ہیوی سپیڈبریکرز کی بھرمار، مظفرآباد تا چکوٹھی شاہراہ سرینگر پر گاڑیاں کھٹارہ بن گئیں،متعلقہ اداروں نے چپ سادھ لی، لوگوں نے اپنی مرضی سے جمپ بنا لیے، منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا، ایک پرائیویٹ سکول کے باہر 20 فٹ کے اندر چار سپیڈ بریکر لگا دئیے گئے،زمہ دار توجہ دینے سے گریزاں، تفصیلات کے۔

مطابق مظفرآباد سے چکوٹھی جانیوالی شاہراہ سرینگر پر سپیڈ بریکرز کی بھرمار کر دی گئی، ایک جمپ کراس کرنیوالی گاڑی، موٹر سائیکل ابھی تیسرے گئیر میں نہیں پہنچتی کہ دوسرا سپیڈ بریکر پھر آجاتا ہے، مظفرآباد سے تقریباً دو کلومیٹر کے فاصلے پر دھنی میں ایک پرائیویٹ سکول کے باہر 20 فٹ کے فاصلے میں چار سپیڈ بریکر نصب کیے گئے ہیں، اسی طرح جگہ جگہ سپیڈ بریکر بنا کر دھنی کے ایک کلومیٹر ایریا میں نصف درجن کے لگ بھگ سپیڈ بریکرز بنائے گئے ہیں، ٹنڈالی، کرولی، سراں، چٹھیاں میں اتنے بڑے سپیڈ بریکر ہیں کہ چھوٹی گاڑیاں ٹکراتی بھی ہیں، شاہراہ سرینگر پر جگہ جگہ۔

(جاری ہے)

سپیڈ بریکر کی وجہ سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہا ہے،متعلقہ اداروں کی توجہ مبذول کرانے کے باوجود کارروائی نہیں ہورہی، جس پر عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور عوامی حلقوں نے ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ صرف ضروری جگہوں پر سپیڈ بریکرز لگائے جائیں اور غیرضروری سپیڈ بریکر ختم کیے جائیں۔