پی ایس ایل 4 کی افتتاحی تقریب پاکستان میں سجانے کی تجویز سامنے آگئی

جمعہ 4 مئی 2018 12:01

پی ایس ایل 4 کی افتتاحی تقریب پاکستان میں سجانے کی تجویز سامنے آگئی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 مئی 2018ء) پی ایس ایل 4 کی افتتاحی تقریب سمیت ابتدائی میچز پاکستان میںکرانے کی تجویز سامنے آگئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے لاہور میں ایک اجلاس منعقد ہوا ، جس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر نائلہ بھٹی سمیت دیگر پی سی بی آفیشلز اور پی ایس ایل فرنچائزز کے نمائندے شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکا کو بتایا گیا کہ پی ایس ایل4کی افتتاحی تقریب اور ابتدائی میچز پاکستان میں کرانے کی تجویز زیرغورہے،لاہور، کراچی اور راولپنڈی میچز کی میزبانی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے فرنچائزز سے کہا گیا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھائیں ،فرنچائزز نے بورڈ کی اس تجویز پر غور کرنے کا یقین دلایا ہے ، آئندہ غیرملکی کھلاڑیوں کے معاوضوں سے بھی ٹیکس منہا کیا جائےگا۔فرنچائزز نے پی سی بی سے مطالبہ کیا کہ جو کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار نہ ہوں انھیں ڈرافٹ میں شامل نہ کیا جائے جبکہ دورے پر آمادہ کرکٹرز کو بھی اضافی رقم نہ دی جائے ، معاہدے میں شق شامل ہونی چاہیے کہ وہ پاکستان جائیں گے۔