18 کے الیکشن کوئی خلائی مخلوق نہیں کروا رہی ،الیکشن کمیشن

اہم منصب پر فائز شخصیات کے ایسے بیانات آئین کا تمسخر اڑانے کے مترادف ہے، ملک میں صاف و شفاف الیکشن ذمہ داری ادا کرنے کیلئے تیار ہیں ،ترجمان الطاف خان کی پریس کانفرنس

جمعہ 4 مئی 2018 19:37

18 کے الیکشن کوئی خلائی مخلوق نہیں کروا رہی ،الیکشن کمیشن
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی جانب سے انتخابات خلائی مخلوق کی جانب سے کرائے جانے والے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اہم منصب پر فائز شخصیات ایسے بیانات سے گریز کریں ایسے بیانات آئین کا تمسخر آڑانے کے مترادف ہے، ملک میں شفاف انتخابات کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے اور الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری ادا کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے ۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان الطاف خان نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگلے عام انتخابات کوئی خلائی مخلوق نہیں کروارہی بلکہ الیکشن کمیشن عام انتخابات 2018 کیلئے مکمل تیار ہے انہوں نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل218کے تحت ملک میں آزادانہ ،منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے انہوں نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب انتخابات خلائی مخلوق کے زریعے کرانے والے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن عام انتخابات 2018 کے لیے مکمل تیار ہے اور انتخابات کوئی خلائی مخلوق نہیں کروارہی، یہ بیان آئین کی روح اور الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ کے خلاف ہے جب کہ الیکشن کمیشن آئینی وقانونی زمہ داریوں میں مکمل آزاد ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اہم منصب پر فائز شخصیات کو ایسے بیانات دینے سے گریز کا مشورہ دیتی ہے ایسے بیانات محض قیاس آرائیوں اور مفروضوں پر مبنی ہوتے ہیں جو آئین کا تمسخر اڑانے کے مترادف ہیںواضح رہے کہ گزشتہ روز صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی آئندہ انتخابات شفاف ہوں گے اور الیکشن 90 دن میں نہیں بلکہ 60 دن میں ہوں گے جب کہ خلائی مخلوق انتخابات کرائے گی لیکن ہم انتخابات میں حصہ لیں گے واضح رہے کہ اس سے قبل سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف بھی انتخابات میں سیاسی جماعتوں سے نہیں خلائی مخلوق سے مقابلے کا بیان دیا تھا۔۔۔۔۔اعجاز خان