نادیدہ قوتیں اب دیدہ ہو چکی ہیں : پروفیسر ساجد میر

اراکین اسمبلی خود بخود تحریک انصا ف میں نہیں جارہے، اس کے پیچھے بھی دیدہ قوتیں ہیں

جمعہ 4 مئی 2018 22:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ نادیدہ قوتیں اب دیدہ ہو چکی ہیں۔ الیکشن سے پہلے ہی نئی سیاسی بساط بچھائی جارہی ہے۔ اراکین اسمبلی خود بخود تحریک انصا ف میں نہیں جارہے۔ اس کے پیچھے بھی دیدہ قوتیں ہیں۔ جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے نیب کا ہتھیار استعمال ہو گا۔

نواز شریف کا عدالتوں میں پیش ہونا ا ن کی طرف سے آئین پسندی کی علامت ہے۔ عدلیہ کی طرف سے ان کے اس عمل کو سراہنا چاہیے۔ لگ ایسے رہا ہے کہ انکے خلاف کیس میں کوئی جان نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن شفاف ہوئے تو مسلم لیگ ن دوبارہ برسر اقتدار آسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ایم ایم اے کی بعض سیٹوں پر مسلم لیگ ن کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔

آئندہ انتخابات میں مذہبی ووٹ بنک امیدواروں کی جیت میں نمایاں کردار اداکرے گا۔تبدیلی کانعرہ لگانے والوں کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آچکا ہے‘ مغرب زدہ سیاست مزید نہیں چلے گی۔دریں اثنا مرکزی جمعیت اہل حدیث نے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوراوں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ ایڈیشنل ناظم اعلی رانا شفیق خاں پسروری امیدواروں کے کوائف جمع کریں گے۔