بھارتی فوج نے شوپیاں کو کشمیریوں کی مقتل گاہ بنادیا ہے،انسانی حقوق کے ادارے بھارتی بربریت کا نوٹس لیں

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت

پیر 7 مئی 2018 15:40

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے شوپیاں میں بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری اس بربریت پر گونگی اور بہری نہ بنے۔ پیر کو جاری بیان میں وزیر اعظم نے کہاکہ بھارتی وزیرا عظم مودی دہشت گردہے جس کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔

بھارتی فوج اور پولیس میں ترقیاں کشمیریوںکو مارنے سے ملتی ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج نے شوپیاں کو کشمیریوں کی مقتل گاہ بنادیا ہے۔ اس ظلم پر ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم ڈھا رہی ہے اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی ۔ ہندوستانی جارحیت پاکستان کے خلاف براہمن سامراج کی سازش ہے ۔ بھارتی وزیراعظم مودی خونخوار درندہ بن چکا ہے ۔بھارتی فوج سرچ آپریشن کے ذریعے چادر اور چار دیوار کا تقدس پامال کررہی ہے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ وہ پروفیسر رفیق بٹ سمیت تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔راجہ فاروق حیدر نے کہاکہ انسانی حقوق کے ادارے بھارتی بربریت کا نوٹس لیں۔