مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزاد کشمیر میں بری طرح ناکام ہو چکی ‘ ایل اے 23 نیلم کو امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے‘ نیلم سے بھاری مینڈیٹ کے دعویدار غلام قادر کی جانب سے عوام کی تذلیل کی بھر پور مذمت کرتے ہیں

مسلم کانفرنس کے رہنمائوں عبدالصمود خان ‘مفتی مظہر الزمان ‘حبیب اللہ خان کی سینئر کارکنان کے ہمراہ گفتگو

جمعرات 10 مئی 2018 17:30

آٹھ مقام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) مسلم کانفرنس کے رہنمائوں عبدالصمود خان ایڈوکیٹ، مفتی مظہر الزمان ایڈوکیٹ، حبیب اللہ خان ایڈووکیٹ نے سینئر کارکنان کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آزاد کشمیر میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ حلقہ ایل اے 23 نیلم کو امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ نیلم سے بھاری مینڈیٹ کے دعویدار غلام قادر نے عوام کی تذلیل کا جو سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس نے نامساعد حالات اور کم وسائل میں ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا تھا لیکن مسلم لیگ ن کی حکومت آزاد کشمیر میں آنے کے بعد تعمیر ترقی کا عمل ٹھپ ہو چکا ہے۔ تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن وادی نیلم کو بد بخت سپیکر نے اپنی سیاسی مخاصمت کا نشانہ بناتے ہوئے تعمیر تقری کا عمل روک دیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

دو سالوں میں لوکل گورنمنٹ کے دیہی ترقی کے 09 کروڑ کے فنڈز پر مسلم لیگ ن کے مگرمچھ چور لٹیرے ڈکار گئے ہیں۔

لوگ ترقیاتی فنڈز کا پوچھتے ہیں لیکن میڈیا میں اپنی خبریں نہ چھپنے کے لئے سپیکر مقتدرہ صحافیوں کے خلاف بے ہودہ بکواس کر رہا ہے۔ مسلم کانفرنس نے دو سال کا وقت حکومت کو دیا لیکن پاکستان میں ان کا سورج غروب ہونے کے ساتھ ہی مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر سے بھی بوریا بستر گول کرکے بھاگنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ لیکن ان کو ریاست کے غریب عوام سے لوٹا گیا مال مسروقہ لے کر جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

جس بے دردی سے ریاست کے وسائل کو لوٹا گیا ہے ودای نیلم سے قیمتی پتھر جڑی بوٹیاں، جعلی دستاویزات پر سبز جنگلات کی کٹائی اور سمگلنگ ترقیاتی فنڈز کو سیاسی رشوت کے طور پر بند ر بانٹ پر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے وادی نیلم میں مسلم لیگ ن بھگائو نیلم بچائو تحریک شروع کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔ باقاعدہ تاریخ کااعلان مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔