حکومت کے بلدیاتی انتخابات کروانے کے تمام دعوے ہوائی ثابت ہوئے ‘آزاد کشمیر کے عوام ن لیگ کی حکومت سے مایوس ہو چکے ہیں‘

میرپور ضلع میں میرٹ کی پامالی کی جا رہی ہے پڑھے لکھے نوجوان نظر انداز جبکہ من پسند افراد کو نوازا جا رہا ہے سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف کی صحافیوں سے بات چیت

جمعہ 11 مئی 2018 18:18

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء) سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف نے کہا کہ حکومت کے بلدیاتی انتخابات کروانے کے تمام دعوے ہوائی ثابت ہوئے ۔آزاد کشمیر کے عوام ن لیگ کی حکومت سے مایوس ہو چکے ہیں۔ میرپور ضلع میں میرٹ کی پامالی کی جا رہی ہے پڑھے لکھے نوجوان نظر انداز جبکہ من پسند افراد کو نوازا جا رہا ہے۔

حلقہ کے وزیر موصوف عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے زیادہ تر مظفر آباد یاترا پر ہوتے ہیں۔ ن لیگ کو ووٹ دینے والے اب پچھتا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چودھری محمد اشرف نے کہا موجودہ حکومت کو اپنی کارکردگی کا اندازہ تھا اسی لیے بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے جا رہے کارکنوں کو بھی لالی پاپ دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

خطہ کے لوگ مایوسی کا شکار ہیں دعوے زیادہ اور عملی اقدامات صفر ہیں ۔ میرپور کے وزیر موصوف اب لوگوں سے ملنا گوارہ ہی نہیں کرتے ۔ حلقہ کے پڑھے لکھے نوجوانوں کا میرٹ کے نام پر معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت کودو سال کا عرصہ ہو گیا ہے لیکن کوئی بھی میگا پراجیکٹ منصوبہ میرپور کے لیے نہیں دیا گیا ۔ من پسند افراد کو نوازا جا رہا ہے۔ بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار موجودہ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ چودھری محمد اشرف نے کہا ہم میرپور حلقہ کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں مسائل کے حل کے لیے کسی قسم کی فروگذاشت نہیں کرئینگے۔