الیکشن میں عوام محرومیوں کو ختم کرنے کیلئے تیر کے نشان پر مہر ثبت کریں،بیگم بیلم حسنین

اتوار 13 مئی 2018 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی ممبر قومی اسمبلی بیگم بیلم حسنین نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی عوام کو مہنگائی ،لوڈشیڈنگ ،کرپشن ،بدامنی ،انتہا پسندی اور دہشت گردی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلا کرایک پرُ امن، محفوظ ، خوددار ،ترقی یافتہ پاکستان بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے لہٰذا رواں برس منعقد ہونے والے عام انتخابات میں عوام اپنی محرومیوں کے خاتمے کیلئے تیر کے نشان پر مہر ثبت کریں۔

(جاری ہے)

ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نوجوان نسل کے دلوں کی دھڑکن بن گئے ہیں ان کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی بتدریج اپنے اصل عروج کی طرف گامزن ہے ہماری پارٹی وطن عزیز میں بلا امتیاز خدمت اور نظریاتی سیاست کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عام الیکشن میں پیپلز پارٹی بلے کو توڑکر، پتنگ کو کاٹ کر اور شیر کو بکری بنا کر عوام کے ووٹوں سے انشاء اللہ تعالیٰ ملکی کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت بن کر اُبھرے گی اور وفاق سمیت تمام صوبوں میں حکومت بنا کر شہید ذوالفقار بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو ر شہید کے منشور اور ویژن کے مطابق غریب عوام کی بے لوث خدمت کرے گی۔