تحریک آزادی کشمیر کیلئے انکی خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں‘میرواعظ عمرفاروق

تحریک آزادی کا تقاضا ہے پوری قوم فکری اور ذہنی یکسوئی کے ساتھ اس مشن کے ساتھ اپنی بھرپوروابستگی جاری رکھے معروف کشمیری رہنماء عبدالسلام دلا کو 59ویں برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش

پیر 14 مئی 2018 13:19

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںعوامی مجلس عمل کے سربراہ اور حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے تحریک آزادی کشمیر کے سرکردہ رہنما عبدالسلام دلال کو انکی 59ویں برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ تحریک آزادی کشمیر کیلئے انکی خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے عبدالسلام دلال کی 59ویں برسی کی مناسبت سے عوامی مجلس عمل کے مرکزی دفتر واقع میرواعظ منزل سرینگر پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عبدالسلام دلال نے کشمیری عوام کو ظالم اور جابر حکمرانوں سے نجات دلانے کیلئے انتھک کوششیں کیں اور بے پناہ مصائب ، مشکلات اور آزمائشوں کا سامنا کیاجس کیوجہ سے انہیں کشمیریوں کی عصری تاریخ میں ایک منفرد مقام حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کشمیری قوم اپنے جائز حق ، حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کر رہی ہے اور کشمیری نوجوان اپنی زندگیوں کو ایک عظیم مقصد کیلئے وقف کررکھاہے ۔انہوںنے کہاکہ تحریک آزادی کا تقاضا ہے کہ پوری قوم فکری اور ذہنی یکسوئی کے ساتھ اس مشن کے ساتھ اپنی بھرپوروابستگی جاری رکھے جس کیلئے کشمیری نوجوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔

میر واعظ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے اور اس مسئلہ کو طاقت اور تشدد سے حل کرنے کی بھارتی پالیسی نہ ماضی میں کامیاب ہو ئی ہے اور نہ اب اس طرح کے جارحانہ طرز عمل سے اس مسئلہ کو حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کو اگر غیر یقینی سیاسی صورتحال اورعدم استحکام سے نجات دلانا ہے تو مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اورپائیدار حل ناگزیر ہے ۔

ا نہوںنے کہاکہ یہ بھارت کی سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹال مٹول کی پالیسی اور تاخیری حربے ترک کر کے دیرینہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے بامعنی اور نتیجہ خیز اقدامات کرے ۔اس موقع پر عوامی مجلس عمل کے دیگر رہنمائوں حاجی غلام قادر بیگ، محمد شفیع خان، صوفی مشتاق احمد،مولانا ایم ایس رحمن شمس، پیر غلام نبی اور ایڈوکیٹ یاسر دلال نے بھی خطاب کیا اور عبدالسلام دالال کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔